لوک سبھا میں بی جے پی کا سوتیلا سلوک : شیوسینا

   

نئی دہلی ۔ 7 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) این ڈی اے کی حلیف پارٹی شیوسینا نے آج اپنی سینئر حلیف پارٹی بی جے پی پر الزام عائد کیا کہ وہ لوک سبھا میں مباحث کے دوران اس کے ساتھ سوتیلا سلوک کررہی ہے۔ اس کے اتحاد کو برقرار رکھنے سے متعلق سوالات پر شیوسینا نے منفی میں جواب دیا۔ شیوسینا لیڈر آنند راؤ اڈسول نے کہا کہ لوک سبھا میں صدرجمہوریہ کے خطبہ پر تحریک تشکر پر مباحث میں حصہ لیتے ہوئے بی جے پی کے خلاف پارٹی کی شکایات کو پیش کیا گیا اور کہا کہ این ڈی اے حکومت نے کئی ایک اچھے اور شاندار کام انجام دیئے ہیں لیکن اس نے بعض فاش غلطیاں بھی کی ہیں۔ اب وقت آگیا ہیکہ بی جے پی اپنا محاسبہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ شیوسینا کو اپنی حلیف پارٹی سے اس وقت کوئی شکایت نہیں تھی جب اٹل بہاری واجپائی، ایل کے اڈوانی اور بال ٹھاکرے پارٹی امور کی نگرانی کرتے تھے۔