لوک سبھا میں ریونت ریڈی کی تحریک التواء نامنظور

   

اسپیکر اوم برلا نے اظہار خیال کی اجازت نہیں دی

حیدرآباد۔/9 فروری، ( سیاست نیوز) لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے کانگریس رکن ریونت ریڈی کی تحریک التواء کو نامنظور کردیا جو چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے عہدہ کی حلف برداری کی خلاف ورزی سے متعلق تھی۔ ریونت ریڈی نے اپنی نوٹس میں کہا کہ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے دستور میں ترمیم کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے ملک کے نوجوانوں کو بغاوت پر اُکسانے کی کوشش کی ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ ہندوستانی دستور دنیا بھر کیلئے مثالی ہے۔ ملک کی ضرورتوں کے مطابق دستور میں ترمیم کی گنجائش موجود ہے لیکن مکمل طور پر دستور بدلنے سے متعلق کے سی آر کا مطالبہ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اور دیگر مجاہدین آزادی کی توہین کے مترادف ہے ۔ انہوں نے لوک سبھا میں وقفہ صفر کے دوران اس معاملہ کو پیش کرنے کی اسپیکر سے اجازت طلب کی تاہم اسپیکر نے نامنظور کردیا۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر کے بیان کے خلاف ریونت ریڈی نے کانگریس کیڈر کو ریاست گیر سطح پر احتجاج کی ہدایت دی ہے۔ مختلف اضلاع میں روزانہ ضلع کانگریس کمیٹیوں اور محاذی تنظیموں کی جانب سے احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ کے سی آر کے مخالف دستور بیان پر کانگریس کا احتجاج جاری رہے گا۔ر