لوک عدالت سے فائدہ اٹھانے عوام سے خواہش

   


بیدر۔ 20 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) راشٹریہ لوک عدالت میں زیادہ سے زیادہ مقدمات کو نمٹانے کے لیے مختلف محکموں کا تعاون ضروری ہے، عہدیداروں کو چاہیے کہ وہ عوامی مسائل کے حل کیلئے شہریوں کو کم قیمت پر لوک عدالت کا فائدہ حاصل کرنے اور جلد انصاف کے تعلق سے فوری معلومات فراہم کریں۔یہ بات معزز سینئر سول جج اور ڈسٹرکٹ لیگل سروس اتھارٹی کے ممبر سکریٹری ایس کے کنکٹے نے کہی۔وہ منگل کو شہر کی ضلعی عدالت کے احاطے میں 12؍ نومبر کو منعقدہونے والی قومی عدالت کے تعلق سے مختلف محکموں کے افسران کو بلائے گئے قبل از وقت اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ قومی لوک عدالتیں ہر دو سے تین ماہ بعد منعقد کی جاتی ہیں۔ ضلعی سطح پر، لوک عدالت ضلع عدالت میں منعقد کی جاتی ہے، جب کہ تعلقہ سطح پر، لوک عدالت تعلقہ عدالتوں میں منعقد کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ عوام کی بھلائی کے لیے کیا جا رہا ہے اور سب کو اس سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔کرناٹک اسٹیٹ لیگل سروسز اتھارٹی، بنگلور نے قومی لوک عدالت سے متعلق کسی بھی معلومات کے لیے ٹول فری نمبر 90900-425-1800 جاری کیا ہے ۔ عوام کو اس کا فائدہ اٹھانا چاہیے۔اس میٹنگ میں بیدر کے تحصیلدار انا راؤ پاٹل، تعلقہ ایگزیکٹیو آفیسر مانیک پاٹل، ڈسٹرکٹ لیبر آفیسر سری ہری دیش پانڈے، محکمہ ٹرانسپورٹ آفیسر نرسپا، محکمہ ریلوے سے رمیش کمار، میونسپل کمشنر انچارج رویندر کامبلے اور دیگر موجود تھے۔