حیدرآباد ۔ 21 ۔ جون : ( سیاست نیوز) : بڑھاپے میں جوانی کا جوش ریٹائرڈ ملازم کے لیے کافی مہنگا ثابت ہوا ۔ ضعیفی میں اجنبی نوجوان لڑکی کی آواز سے متاثر ہو کر اس متاثرہ ریٹائرڈ ملازم نے اپنے لاکھوں روپئے گنوالیے ۔ اور بڑھاپے میں بدنامی کے خوف سے پریشان ہو کر سائبر کرائم سے رجوع ہوگیا ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق ایک 79 سالہ ریٹائرڈ ملازم کو اجنبی لڑکی نے فون پر میسیج روانہ کیا اور اپنی بدمست آواز میں اس نے ضعیف شخص سے کہا کہ وہ اگر پسند کرتا ہے تو اس سے بات کرے وہ بات کرنا چاہتی ہے ۔ ضعیف شخص کو بڑھاپے میں جوانی یاد آگئی اور اس نے اجنبی لڑکی سے بات چیت شروع کردی اور تھوڑی ہی دیر میں لڑکی نے ضعیف شخص کو باتھ روم میں جانے کے لیے کہا اور اس سے اپنی باتوں کا شکار بناکر عریاں حالت میں ویڈیو کال کرنے پر مجبور کردیا تھا اور جیسے ہی اس ضعیف شخص نے عریاں حالت میں ویڈیو کال کیا اس دھوکہ باز لڑکی نے اس کی ریکارڈنگ کرلی اور اس ویڈیو کے ذریعہ دھمکانے لگی ۔ اور اس ویڈیو کو دوست احباب اور رشتہ داروں کو روانہ کرنے سوشیل میڈیا پر وائرل کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے اس ریٹائرڈ ملازم سے 15 لاکھ روپئے لوٹ لیا ۔ جس کے بعد اس ضعیف شخص نے سائبر کرائم سے شکایت کردی ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا اور مصروف تحقیقات ہے ۔۔ ع