لڑکیوں کی تعلیم سب سے زیادہ توجہ کی محتاج

   


بھینسہ میں علامہ اقبال کی یوم پیدائش تقریب، مقررین کا خطاب
بھینسہ : 9نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کریسنٹ اردو ہائی اسکول مدینہ کالونی بھینسہ میں جشن تعلیم کے تحت شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ اقبال کی پیدائش کے موقع پر یوم اردو تقریب منعقد کرتے ہوئے اردو زبان کی ترقی و ترویج میں ڈاکٹر علامہ اقبال کی شاعری کا ذکر کیا گیا صدر مدرس عبدالکریم نے کہا کہ شاعرِ مشرق ڈاکٹر علامہ اقبال نے 1904ء کے مخزن میں تعلیم نسواں کے متعلق کہا کہ لڑکیوں کی تعلیم سب سے زیادہ توجہ کی محتاج ہے عورت حقیقت میں تمّدن کی جڑ ہے علامہ اقبال کے مطابق عورت اگر علم و ادب کی کوئی بڑی خدمات انجام نہ دے سکے تب بھی اس کی ممتا ہی قابلِ قدر ہے جس کے طفیل میں عالم پروان چڑھتے ہیں اردو معلم سیّد عبدالجامع نے کہا نسل نو کو اپنی مادری زبان میں تعلیم حاصل کرنا بہت ضروری ہے دینی تعلیم کا مواد بھی اردو میں ہی موجود ہے۔انہوں نے اردو زبان کی تاریخ سے متعلق اہم تفصیلات سے طلباء کو واقف کروایا آخر میں صدر مدرس عبدالکریم نے جشنِ تعلیم تقریب کی تفصلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ جاریہ ماہ تین عظیم شخصیات جس میں ڈاکٹر علامہ اقبال ، مولانا ابوالکلام آزاد اور پنڈت جواہر لال نہرو کی یوم پیدائش ہے اسی مناسبت سے مدرسہ ہٰذا میں جشنِ تعلیم پروگرام 9نومبر تا 14نومبر تک ترتیب دیا گیا ہے۔ اس پروگرام میں مختلف مقابلے منعقد کئے جائیں گے اور پروگرام کا اختتام 14نومبر یومِ اطفال کے موقع پر انعامات کی تقسیم پر ہوگا۔ یوم اردو کے موقع پر اْردو معلم سید عبدالجامع کو تہنیت پیش کی گئی اور ان کی خدمات کی ستائش کی گئی اس موقع پر سکریٹری سیّد بشیر ، اکیڈمیک ڈائریکٹر سید محسن ، اساتذہ شیخ نصیر ، سیّد ثاقب ، عرفان خان اور خواتین معلمات بھی موجود تھی۔