سرپور کاغذ نگر میں مدرسہ عائشہ صدیقہ للبنات کی افتتاحی تقریب ، ڈاکٹر رضوانہ زرین کا خطاب
کاغذ نگر : سری پور کاغذ نگر میںمدرسہ عائشہ صدیقہ للبنات شاخ جامعۃ المؤمنات کا افتتاح ڈاکٹر مفتیہ رضوانہ زرین پرنسپل وشیخ الحدیث جامعۃ المؤمنات کے دعائیہ کلمات سے ہوا ۔بعدازاں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک لڑکی کو تعلیم دینا ایک خاندان کو تعلیم دینے کے مماثل ہے عورت نصف انسانیت ہے ،معاشرے کی سدھار وبگاڑ میں عورت کے کردار کو بہت زیادہ اہمیت دی گئی ہے ، اسی لئے لڑکیوں کو علوم اسلامیہ کے زیور سے آراستہ کرنا بے حد ضروری ہے ،عورت دین دار اور تعلیم یافتہ ہوتو اپنے سارے خاندان کو دین دار اور تعلیم یافتہ بناتی ہے ،ماں کی گود اولاد کے حق میں پہلی درسگاہ کا درجہ رکھتی ہے موجودہ زمانہ میں لڑکیوں کو دینی تعلیم کا دینا بے حد ضروری ہے اسی کے پیش نظر مولانا حافظ محمد سلطان عطاری نے آج لڑکیوں کیلئے دینی مدرسہ قائم کیا ہے جو قابل ستائش وتعریف ہے اس مدرسہ میں اپنے لڑکیوں کو شریک کروائیں۔ محترمہ رضوانہ زرین نے مزید کہا کہ اسلامی تعلیمات کے گہرے مطالعہ سے محسوس ہوتا ہے کہ شریعت میں مردوں کے ساتھ عورتوں کی تعلیم پر توجہ دی گئی ہے ،حضور ؐنے ارشاد فرمایا کہ علم کا حاصل کرنا ہر مسلمان مرد وعورت پر لازمی وفرض ہے ، صحابہ کرامؓ میں جو بڑے بڑے حفاظ حدیث تھے ان میں حضرت عائشہ صدیقہؓ بھی تھے ۔ آپ کی روایت کی تعداد 2210ہے اسلام کی پہلی خاتون مفتیہ سیدہ عائشہ صدیقہؓ ہیں ، حضرت موسی بن طلحہؓ کہتے ہیں میں نے حضرت عائشہ صدیقہ ؓ سے زیادہ کسی کو فصیح نہیں دیکھا مجھے حضرت عائشہ ؓ کی واقفیت شعر وادب سے کہیںزیادہ ان کے طبی معلومات پر حیرت ہوتی تھی،حضرت عمرؓ کوفہ والوں کو لکھتے ہیں اپنی بیویوں کو سورہ نور کی تعلیم دو ، حضورؐ نے فکری عملی اعتبار سے اس میں صنف نازک کو آگے بڑھانے کی مختلف پہلوؤں سے ترغیب دلائی اوراس سلسلہ میں بے پناہ ثواب کی بشارت سنائی ،جیسا کہ ابو داؤد شریف میں مذکور ہے آپ کافرمان ہے جس نے تین لڑکیوں کی پرورش کی ان کو ادب اورسلیقہ سکھایا، ان کی شادی کی اور ان کے ساتھ اچھا سلوک کیا تواس کیلئے جنت ہے۔ اسلام نے عورت کے اندر علم کی جو پیاس پیداکردی تھی جیسا کہ حضرت ابو سعید خدریؓ کی روایت ہے عورتوں نے حضور سے کہا آپ کے دربار میں ہمیشہ مردوں کا ہجوم رہتا ہے اس کی وجہ سے ہم استفادہ نہیں کرپاتے لہذا آپ ہمارے لئے الگ سے ایک دن مقرر کیجئے چنانچہ آپ ایک دن متعین کئے اور وعظ ونصیحت فرمائی اور انہیں نیک کاموں کا حکم دیا۔ جلسہ کا آغاز سیدہ عرفانہ شاہد کی قرأت ، سیدہ یاسمین بیگم کی نعت شریف سے ہوا ۔حافظ محمد سلطان عطاری بانی مدرسہ عائشہ صدیقہ للبنات نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔ ڈاکٹر مفتیہ سیدہ غوثیہ شاہدصدر معلمہ مدرسہ ہذا نے کہا کہ حضرت غوث صمدانی سیدنا غوث اعظم ؒ کے اخلاق وکردار افعال میں اسوۂ رسول نظر آتا ہے آپ ولی کامل روشن ضمیر صوفی ہیں، آپ کی تعلیمات پر عمل پیرائی سے مردہ دل جلا پاتے ہیں۔دعا وسلام پر جلسہ کا اختتام عمل میں لایا گیا۔