لکر اسکام : کے سی آر خاندان سے پوچھ تاچھ کا مطالبہ 17 ستمبر منانا نفرت پیدا کرنے کی کوشش: ریونت ریڈی

   

حیدرآباد۔/6 ستمبر، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے لکر اسکام میں چیف منسٹر کے سی آر کے خلاف سی بی آئی کارروائی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ مرکز میں ٹی آر ایس کو جھکانے کیلئے بی جے پی سی بی آئی کارروائی کی دھمکیاں دے رہی ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ بی جے پی نے لکر اسکام میں کے سی آر افراد خاندان کے ملوث ہونے کا الزام عائد کیا لیکن آج تک سی بی آئی نے کوئی کارروائی نہیں کی۔ اس اسکام کے ذریعہ بی جے پی چاہتی ہے کہ کے سی آر کو مخالفت سے باز رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پرگتی بھون اس طرح کے اسکامس کا مرکز ہے۔ سی بی آئی کو کے سی آر اور ان کے افراد خاندان سے پوچھ تاچھ کرنی چاہیئے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ محض سی بی آئی اور انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی دھمکیاں عوام کو گمراہ کرنے کیلئے ہیں۔ ریونت ریڈی نے 2014 سے 2022 تک انحراف کرنے والے ارکان اسمبلی کے معاشی امور پر سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی 17 ستمبر کو منانے کے ذریعہ ہندوؤں اور مسلمانوں کے درمیان نفرت پیدا کرنا چاہتی ہے تاکہ سیاسی فائدہ حاصل ہو۔