لکڑی کا پُل کی دو مشہور ہوٹلوں پر فوڈ سیفٹی حکام کے دھاوے

   

ناقص غذاؤں کی تیاری، گندگی اور ایکسپائری ڈیٹ کی اشیاء کا انکشاف، سیمپلس لیاب کو روانہ
حیدرآباد۔/19مئی، ( سیاست نیوز) حیدرآباد کی ہوٹلوں اور ریسٹورانٹس میں غیر معیاری غذاؤں کی سربراہی کو روکنے کیلئے فوڈ سیفٹی ڈپارٹمنٹ کی جانب سے کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ فوڈ سیفٹی ڈپارٹمنٹ کی ٹاسک فورس ٹیم نے حیدرآباد کی دو مشہور ریسٹورانٹس شاہ غوث اور رائلسیما رچولو واقع خیریت آباد کا اچانک معائنہ کیا اور غذا کی تیاری میں استعمال کی جانے والی اشیاء کو ناقص پایا اور ہوٹلوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔ فوڈ سیفٹی ڈپارٹمنٹ کے پریس نوٹ کے مطابق مختلف ڈشیس کو تیار کرنے کیلئے جو اشیاء استعمال کی جاتی ہیں ان میں جھینگروں اور کیڑے مکوڑوں کے پائے جانے سے گاہکوں کی صحت متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔ خیریت آباد میں واقع دونوں ریسٹورانٹس کا تفصیلی معائنہ کرنے کے بعد حکام نے بتایا کہ ہلدی، ادرک لہسن، میدہ اور دیگر سامان میں جھینگر اور کیڑے مکوڑے پائے گئے۔ اس کے علاوہ امول گولڈ مِلک ایکسپائری ڈیٹ کے بعد کا تھا۔ اس کے علاوہ کاجو پر کوئی لیبل نہیں تھا اور جوار روٹی بھی ناقص پائی گئی۔ ہوٹلوں میں اسٹوریج کی سہولت بھی ناقص تھی اور صحت و صفائی پر کوئی توجہ نہیں دی گئی جس کے نتیجہ میں ڈرین بھر چکی تھی اور کچن ایریا میں گندگی اور کھڑکیاں کھلی تھیں۔ حکام نے بتایا کہ شاہ غوث اور رائلسیما رچولو میں صحت و صفائی پر عدم توجہ کے علاوہ غیر لیبل کی اشیاء کا استعمال اور نیم پکی ڈشیس بھی اسٹوریج میں پائی گئیں۔ باورچی خانہ میں پانی کا جمع ہونا اور گندگی کا پتہ چلا۔ حکام نے رائلسیما رچولو میں 11 ہزار روپئے مالیتی ناقص اور غیر لائسنس یافتہ اشیاء کا پتہ چلایا۔ گذشتہ چند ہفتوں سے ٹاسک فورس کے حکام شہر میں دھاوے کررہے ہیں اور روزانہ ایک علاقہ کی ہوٹلوں اور ریسٹورانٹس کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ ٹاسک فورس حکام نے سیمپلس کو جمع کرتے ہوئے مزید جانچ کیلئے لیباریٹری روانہ کیا ہے۔ 1