لکھنؤ میں القاعدہ کے 2مبینہ دہشت گرد گرفتار ،اے ٹی ایس کی کارروائی

,

   

لکھنؤ: اترپردیش کے دارالحکومت لکھنو کے کاکوری علاقہ میں انسداد دہشت گردی اسکواڈ (اے ٹی ایس) نے بڑی کاروائی کرتے ہوئے، القاعدہ کے دو مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔ اے ٹی ایس نے شک کی بنیاد پر ایک گھر محاصرہ کیا اور تلاشی لی گئی ۔ ساتھ ہی آس پاس کے گھروں کو خالی کرایا گیا۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق، اے ٹی ایس کمانڈوز نے گھر کو چاروں طرف سے گھیر لیا ۔ ساتھ ہی موقع پر بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی بلایا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق، دو مشتبہ دہشت گردوں کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔ کہا یہ بھی جا رہا ہے کہ گھر میں بھاری مقدار میں بم اور بارود اشیاء برآمد ہوئے ہیں۔دراصل، اے ٹی ایس کافی دنوں سے اس گھر پر نظر بنائے ہوئی تھی۔ مشتبہ سرگرمیوں کے سبب اے ٹی ایس کے مخبر اس گھر پر نگرانی بنائے ہوئے تھے۔ مصدقہ اطلاع حاصل ہونے پر اے ٹی ایس نے آج یہ آپریشن شروع کیا ہے۔ موقع پر مقامی پولیس بھی موجود تھی۔ بتایا جا رہا ہے کہ جس مکان کو اے ٹی ایس نے گھیرا ہے، وہ شاہد نام کے ایک شخص کا ہے۔ یہاں پر تین چار مشتبہ نوجوان کئی دنوں سے آجا رہے تھے، جس میں سے دو اے ٹی ایس کے حراست میں ہیں جن سے پوچھ گچھ کی جاری ہے۔ اسی سے ملی اطلاع کے بعد اے ٹی ایس نے اس گھر کو گھیرا ہے اور سرچ آپریشن کیا گیا۔بتا یا گیا ہے کہ ابھی تک دو پریشر کوکر بم، ٹائم بم اور بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ پکڑے گئے دہشت گردوں کے کنکشن القاعدہ سے ہونے کی بات سامنے آئی ہے۔ بم مخالف دستے نے دھماکہ خیز اشیا کو برباد کر دیا ہے۔ذرائع سے مل رہی اطلاعات کے مطابق، جن دو مشتبہ افراد کو پکڑا گیا ہے، دونوں پاکستانی ہینڈلر ہیں۔ وسیم نام کے ایک شخص کی سرگرمی مشکوک لگنے کے بعد یہ آپریشن چلایا گیا۔