لکھنؤ میں برہموس میزائل مینوفیکچرنگ یونٹ کا قیام وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ افتتاح کیا

   

Ferty9 Clinic

نئی دہلی11؍مئی (ایجنسیز ): وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے لکھنؤ میں برہموس ایرو اسپیس انٹیگریشن اور ٹیسٹنگ سہولت کا افتتاح کیا۔ اس دوران انہوں نے کہا کہ ہم جس صورتحال کا سامنا کر رہے ہیں اس کو دیکھتے ہوئے میرے لیے دہلی میں رہنا ضروری تھا۔ راج ناتھ سنگھ نے کہاکہ وہ ذاتی طور پر اس میں شرکت کرنا چاہتے تھے لیکن آپ جانتے ہیں کہ میں کیوں نہیں آ سکا۔ ہم جس صورتحال کا سامنا کر رہے ہیں اس کے پیش نظر میرے لیے دہلی میں ہونا ضروری تھا۔ اس لیے میں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے آپ سے رابطہ کر رہا ہوں۔وزیر دفاع نے کہاکہ آج قومی ٹیکنالوجی کا دن ہے۔ 1998 میں اس دن اٹل بہاری واجپائی کی قیادت میں ہمارے سائنسدانوں نے پوکھران میں جوہری تجربہ کیا تھا اور دنیا کو ہندوستان کی طاقت کا مظاہرہ کرایا تھا۔ یہ ٹیسٹ ہمارے سائنسدانوں، انجینئروں، دفاعی عملے اور بہت سے دیگر اسٹیک ہولڈرز کی انتھک محنت کا نتیجہ تھا۔آپریشن سندور کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ یہ صرف فوجی کارروائی نہیں بلکہ ہندوستان کی سیاسی، سماجی اور اسٹریٹجک مرضی کی علامت ہے۔ آپریشن سندور دہشت گردی کے خلاف ہندوستان کے مضبوط ارادے اور فوجی طاقت کے عزم کا بھی مظہر ہے۔ وزیر دفاع نے کہا کہ آپریشن سندو کے ذریعے ہم نے دکھایا ہے کہ جب بھی ہندوستان دہشت گردی کے خلاف کارروائی کرے گا، سرحد پار کی زمین بھی دہشت گردوں اور ان کے آقاؤں کے لیے محفوظ نہیں رہے گی۔وزیر دفاع نے کہا کہ ہندوستانی مسلح افواج نے پاکستان میں دہشت گردی کے بنیادی ڈھانچے کو ختم کرنے کے لیے آپریشن سندور شروع کیا۔ ہم نے ان کے شہریوں کو کبھی نشانہ نہیں بنایا لیکن پاکستان نے نہ صرف ہندوستان میں شہری علاقوں کو نشانہ بنایا بلکہ مندروں، گرودواروں اور گرجا گھروں پر حملے کی کوشش کی۔ ہم نے نہ صرف سرحد کے قریب فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا بلکہ راولپنڈی میں جہاں پاک فوج کا ہیڈ کوارٹر ہے وہاں ہندوستانی مسلح افواج کی آواز بھی سنی گئی۔