حیدرآباد۔30۔نومبر(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے لگیچرلہ منڈل کی اراضیات کے حصول کے لئے دوبارہ اعلامیہ جاری کیا ہے اور اس اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے تلنگانہ انڈسٹریل انفراسٹرکچر کارپوریشن کے ذریعہ موصول ہونے والی سفارشات کے مطابق مختلف صنعتی اداروں کے لئے ’’انڈسٹریل ویلیج‘‘ کے قیام کی غرض سے یہ اراضیات حاصل کی جار ہی ہیں۔ حکومت نے کسانو ںکے لگیچرلہ میں فارما کمپنی کے قیام کے لئے ریاستی حکومت کی جانب سے اراضیات کے حصول کے دوران کسانوں کے احتجاج اور ہنگامہ آرائی کے بعد گذشتہ یوم سابق میں جاری کئے گئے اعلامیہ سے دستبرداری اختیار کرتے ہوئے کہا تھا یہ اراضیات ’فارما ویلیج‘ کے لئے حاصل نہیں کی جائیں گی لیکن آج ترمیمی اعلامیہ کی اجرائی عمل میں لاتے ہوئے حکومت نے ان اراضیات کو مختلف صنعتوں کے لئے ’انڈسٹریل ویلیج ‘ کے قیام کے لئے حاصل کرنے کے فیصلہ سے واقف کروایا۔ضلع وقارآباد کے لگیچرلہ منڈل میں انڈسٹریل ویلیج کے قیام کے لئے حاصل کی جانے والی اراضی کے سلسلہ میں جاری کردہ اعلامیہ میں کہاگیا ہے کہ ریاستی حکومت اس منڈل کی 110ایکڑ32 گنٹے اراضی حاصل کرے گی ۔ سابق میں جو اعلامیہ جاری کیاگیا تھا اس میں حکومت کی جانب سے مجموعی اعتبار سے لگیچرلہ میں 632 ایکڑ 26گنٹے اراضی کے حصول کا فیصلہ کیاگیا تھا جس سے گذشتہ یوم دستبرداری کے بعد آج ترمیم شدہ اعلامیہ کی اجرائی عمل میں لائی گئی ہے۔3