لیبیا سے آنے والے 117تارکین وطن کو بچالیا گیا

   

میڈرڈ : اسپین کی این جی او اوپن آرمز نے کہا ہے کہ اس نے بحیرہ روم میں لکڑی کی کشتی پر سوار لیبیا سے آنے والے 117 تارکینِ وطن کو ریسکیو کیا ہے۔برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ہفتہ کو اوپن آرمز نے ایک بیان میں کہا کہ اس نے 25 خواتین اور ایک تین سالہ بچے سمیت 117 افراد کو بچایا ہے جن کا تعلق سوڈان، اریٹیریا اور لیبیا سے ہے۔بیان کے مطابق کشتی نے لیبیا کی بندرگاہ سبراتھا سے رات کو سفر کا آغاز کیا اور یہ ریسکیو آپریشن لیبیا کے ساحل سے 30 کلومیٹر دور عالمی بحری حدود میں کیا گیا۔مزید کہا گیا ہے کہ اوپن آرمز کے جہاز پر تمام مسافروں کا طبی معائنہ کیا رہا ہے، تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ مسافروں کو کہاں لے جایا جائے گا۔خیال رہے کہ کچھ روز قبل جنوبی یونان کے ساحل کے قریب تارکین وطن کی ایک کشتی ڈوبنے سے 78 افراد ہلاک ہو گئے تھے جبکہ لگ بھگ 104 افراد کو بچا لیا گیا تھا۔یونانی کوسٹ گارڈز کے مطابق یہ واقعہ منگل اور چہارشنبہ کی درمیانی شب پیرلوس کے جنوب مغرب میں پیش آیا تھا۔یونان کے حکام کا کہنا تھا کہ اس جہاز میں سینکڑوں افراد سوار تھے۔ جن افراد کو بچایا گیا ان میں پاکستانی، مصری، شامی اور افغان شہری شامل تھے۔ہفتہ کو پاکستانی دفتر خارجہ نے کہا کہ یونان کے ساحل پر ڈوبنے والی کشتی میں زندہ بچ جانے والوں میں سے 12 پاکستانیوں کی شناخت ہو گئی ہے، تاہم ابھی تک مرنے والوں میں پاکستانی شہریوں کی تعداد اور شناخت کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔