طرابلس : لیبیا میں گزشتہ دنوں میں خواتین کی نقل و حرکت پر نئی پابندیاں عائد کی گئی ہیں جس پر بہت سی خواتین میں شدید غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی ہے۔ طرابلس میں قومی اتحاد کی حکومت کی داخلی سلامتی ایجنسی نے اپنے فیصلے پر عمل درآمد شروع کر دیا ہے کہ وہ خواتین جو بغیر کسی کے ساتھ کے بیرون ملک سفر کرنا چاہتی ہیں، وہ اکیلے سفر کی وجوہات بتانے کی پابند ہوں۔انسانی حقوق اور میڈیا کی کارکن منّہ القاضی نے کہا کہ اس نئے فیصلے سے خواتین کی نقل و حرکت کی آزادی کو محدود کرنے کا خطرہ ہے۔ کسی بھی ملک میں سفر کرنے کیلئے مقامی اور بین الاقوامی قانون کے ذریعہ ان کے اس حق کی ضمانت دی گئی ہے۔ یہ لیبیا کی خواتین کو درپیش اضافی رکاوٹوں اور پابندیوں کا واضح ثبوت ہے۔ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ خواتین کے ساتھ معاشرے میں امتیازی سلوک روا رکھا جا رہا ہے۔