لیبیا کی حکومت نے جنیوا مذاکرات معطل کردیئے

   

جنیوا ، 19 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) لیبیا کے بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ وزیر اعظم فائز السراج نے فائر بندی کے موضوع پر ہونے والے اجلاس میں مزید شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ السراج کے بقول طرابلس پر تازہ حملے کے بعد پیدا ہونے والے حالات میں مذاکرات کا کوئی جواز ہی نہیں بنتا۔ گزشتہ روز طرابلس پر کئی راکٹ داغے گئے تھے۔ جنیوا میں اقوام متحدہ کی ثالثی میں یہ مذاکراتی سلسلہ گزشتہ روز شروع ہوا تھا۔ اس موقع پر لیبیا کی فوج کے اعلی افسران اور باغی رہنما خلیفہ ہفتر بھی جنیوا میں موجود ہیں۔

ایرانی انتخابات کا بائیکاٹ کیا جائے، ناقدین کا تاثر
تہران ، 19 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ایرانی حکومت کے مخالفین نے دو دن بعد ایران میں ہونے والے مجوزہ پارلیمانی انتخابات کے بائیکاٹ کی درخواست کی ہے۔ خبر رساں ادارے ( اے ایف پی) کے مطابق بیرون ملک مقیم ان حکومتی ناقدین نے کہا ہے کہ یہ انتخابات جمہوری کے علاوہ کچھ بھی ہو سکتے ہیں اور ان سے ملک کے مسلم حکمرانوں کو ہی فائدہ پہنچے گا۔