مصراتہ۔ 14ڈسمبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) لیبیائی فوج کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مصراتہ میں ملٹری کالج پر بمباری کے دوران ترکی کے ایک اسلحہ کے گودام کو تباہ کر دیا ہے۔ اس گودام میں ترکی سے لائے گئے ڈرون طیارے اور دیگر بھاری اسلحہ کی بڑی مقدار ذخیرہ کی گئی تھی۔ انٹیلی جنس کی ٹھوس معلومات کی بنیاد پر مصراتہ میں فوجی اڈے پر بمباری کی گئی جس کے نتیجے میں اسلحہ کا ایک بڑا گودام تباہ کردیا۔ تباہ ہونے والے اسلحہ اور گولہ بارود میں توپیں، ڈرون طیارے، بکتر بند گاڑیاں اور دیگر بھاری ہتھیار شامل ہیں۔دوسری جانب لیبیا کی فوج کی طرف سے جاری ایک بیان میں طرابلس کے قریب ترکی کا ایک فوجی ڈرون طیارہ مار گرانے کادعویٰ کیا گیا ہے ۔’العربیہ‘ کے مطابق لیبیائی فوج کے حامی سوشل میڈیا صفحات پر گردش کرنے والے ایک بیان میں کہا گیا ہیکہ ترکی کا ایک ڈرون طیارہ عین زارہ کے مقام پر مار گرایا گیا ۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ لیبیا کی نیشنل آرمی نے لیبیا کی تمام بحری گذرگاہیں اور بندرگاہیں بند کردی ہیں تاکہ ترکی کی طرف سے قومی وفاقی حکومت اور اس کی حامی ملیشیائوں کوکسی قسم کا اسلحہ فراہم نہ کیا جا سکے۔