لینگویج پنڈت اور فزیکل ٹیچرس کو ترقیاں

   

ایک دو دن میں احکامات کی اجرائی ، چیف منسٹر تلنگانہ کی منظوری
حیدرآباد ۔ 6 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : ریاست تلنگانہ میں زائد از 10 ہزار لنگویج پنڈت ٹیچرس اور پی ای ٹیز کو ترقی کے مواقع فراہم کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے ایک دو دن میں احکامات جاری کئے جائیں گے ۔ ریاست میں اساتذہ کی ترقیوں سے متعلق طویل عرصہ سے زیر التواء مسئلہ حل ہونے کی روشنی میں ترقی کے منتظر اساتذہ میں خوشی کا اظہار پایا جارہا ہے ۔ بالخصوص لنگویج پنڈت ٹیچرس جو کہ انہیں ترقی کے مواقع فراہم کرنے کے مطالبہ پر زائد از 20 سال سے اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے تھے ۔ بہر صورت ’ دیر آئید ۔ درست آئید ‘ کے مصداق انہیں ( لینگویج پنڈت ٹیچرس ) ترقی کے مواقعوں کے لیے راہ ہموار ہوئی ہے ۔ باوثوق سرکاری ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ اساتذہ کو ترقیوں سے متعلق فائیل دو دن قبل چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے ہاں روانہ کی گئی تھی اور گذشتہ دن ہی چیف منسٹر نے اس فائل کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے فائل پر اپنی دستخط مثبت کر کے متعلقہ فائل کو عاجلانہ احکامات جاری کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے محکمہ تعلیم کو روانہ کردی اور توقع کی جارہی ہے کہ آج یا کل اساتذہ کی ترقیوں سے متعلق احکامات جاری کئے جائیں گے ۔ اسی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ جن لینگویج پنڈت ٹیچرس ، سکنڈری گریڈ ٹیچرس کو اسکول اسسٹنٹس کی جائیدادوں پر اور پی ای ٹیز کو فزیکل ڈائرکٹرس کی حیثیت سے ترقی دی جائے گی ۔ ان ٹیچروں کو موجودہ جن اسکولس پر خدمات انجام دے رہے ہیں اسی اسکول پر ترقی دی جائے گی اور فی الوقت ترقی پانے والے اساتذہ کو دیگر مدارس پر تبادلے کرنے کی کوئی توقع نہیں ہے ۔ اسی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ ایک عرصہ قبل ہی حکومت تلنگانہ نے 2487 لینگویج پنڈت ٹیچروں کی جائیدادوں کو اپ گریڈ کر کے اسکول اسسٹنٹس کا موقف فراہم کیا تھا لیکن دوبارہ گذشتہ چند دنوں قبل ریاستی محکمہ تعلیم نے مزید 6024 لینگویج پنڈت ٹیچرس کی جائیدادوں کو اسکول اسسٹنٹس کی جائیدادوں کے طور پر اپ گریڈ کیا ۔ اسی طرح حکومت کی جانب سے گذشتہ ایک عرصہ قبل ہی 1047 پی ای ٹیز کی جائیدادوں کو فزیکل ڈائرکٹرس کے طور پر اپ گریڈ کیا تھا لیکن حالیہ عرصہ کے دوران دوبارہ 786 پی ای ٹیز کی جائیدادوں کو فزیکل ڈائرکٹرس کے طور پر اپ گریڈ کرنے کی وجہ سے ریاست تلنگانہ میں اب کم از کم 1833 پی ای ٹیز کو فزیکل ڈائرکٹرس کی حیثیت سے ترقی حاصل ہوسکے گی ۔ علاوہ ازیں سیکنڈری گریڈ ٹیچرس کو بھی اسکول اسسٹنٹس کی جائیدادوں پر ترقی کے مواقع فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں ۔ توقع کی جاتی ہے کہ سیکنڈری گریڈ ٹیچرس کو بھی ان کی سینیاریٹی کی اساس پر بہت جلد ترقی کے مواقع فراہم ہونگے ۔۔