لیور پول۔21 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) چمپیئنز لیگ فٹبال ٹورنمنٹ کے اہم مقابلوں کے دوران ہسپانوی کلب بارسلونا اور انگلش کلب لیور پول کو فرانس کے کلب لیون اور جرمنی کے کلب بائرن میونخ کے خلاف میچ برابر کھیلنے پر مجبور ہونا پڑا اور دونوں میچ بغیر کسی گول کے برابر رہے۔اس صورتحال سے لیور پول کو دھکا لگا ہے جو اپنے گروپ میں دوسرے نمبر پر ہے جبکہ بارسلونا اور بائرن میونخ پہلے ہی اپنے گروپ میں سر فہرست ہیں۔ اب دونوں بڑی ٹیموں لیور پول اور بارسلونا کے مقامات خطرے میں دکھائی دے رہی ہیں۔ فرانس کے شہر لیون کے گروپاما اسٹیڈیم میں ہوئے میچ کے دوران بارسلونا کے کپتان لیونل میسی اور معروف فاورڈ لوئس سواریز کو میزبان فرانسیسی کلب لیون کے خلاف گول کرنے کے سنہری موقع ملے لیکن گول کیپر مارک آندرے نے بہت شاندار کھیل کا مظاہرہ کرکے یقینی گول بچائے اور بارسلونا کو لیگ میں اپنا موقف مستحکم کرنے سے روک دیا۔میچ میں کامیابی بارسلونا کو اپنے گروپ میں دوسرے نمبر کے کلب ٹوٹنہم کے خلاف برتری6 نشانات تک بڑھانے کا موقع فراہم کر سکتی تھی لیکن اسے ایک نشان پر ہی اکتفا کرنا پڑا۔ دوسری جانب انگلش کلب لیور پول کو جرمن کلب بائرن میونخ نے اپنے عمدہ کھیل سے باندھے رکھا اور گول کرنے کا کوئی موقع نہیں دیا۔
پہلے ہاف کا کھیل مکمل طور پر بائرن میونخ کے نام رہا اور اس کے دفاع نے لیور پول کو آگے بڑھنے کا کوئی موقع نہیں دیا۔محمد صلاح اور سعدیو مانے کو گول کرنے کے مواقع ملے لیکن دونوں ان سے فائدہ نہ اٹھا سکے۔بائرن میونخ کلب بھی گول نہ کرسکا لیکن گروپ میں پہلے مقام کی وجہ سے اس کیلئے ایک نشان بھی برتری مستحکم کرنے کا سبب بنا۔