روم ۔ 14 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) سال رواں کے پہلے 9 ماہ کے دوران بحیرہ روم کے راستے یورپ پہنچنے والے تارکین وطن کی تعداد 81 ہزار رہی، جن میں سے تقریباً ایک چوتھائی بچے ہیں۔ یہ بات اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کی ایک نئی رپورٹ میں کہی گئی ہے۔اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) کی یہ رپورٹ اسی ہفتے جاری کی گئی اور اس کا عنوان ہے: ‘ناامیدی میں کیے جانے والے سفر۔‘‘ اس رپورٹ کے مطابق زیادہ تر شمالی افریقہ سے بحیرہ روم کے راستے اس سال جنوری سے ستمبر کے آخر تک یورپی یونین کے مختلف رکن ممالک میں پہنچنے والے پناہ کے خواہشمند تارکین وطن کی تعداد 81 ہزار سے تجاوز کر چکی تھی۔اس کے برعکس گزشتہ برس کے انہی نو ماہ کے دوران پناہ کی تلاش میں بحیرہ روم کے راستے انتہائی پرخطر سفر کر کے یورپ پہنچنے والے تارکین وطن کی تعداد ایک لاکھ تین ہزار رہی تھی۔یو این ایچ سی آر کے یورپی دفتر کی ڈائریکٹر پاسکال مورو نے نیوز ایجنسی کے این اے کو بتایا کہ 2019ء کے پہلے نو ماہ کے دوران جو 81 ہزار تارکین وطن یورپ پہنچے، ان میں سے تقریباً ایک چوتھائی بچے تھے۔