تین ہفتوں تک شدید گرمی جاری رہے گی ۔ عوام کو احتیاط سے کام لینے کا مشورہ
حیدرآباد۔2۔مئی۔ ( سیاست نیوز) مئی کے دوسرے ہفتہ سے تلنگانہ میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگا اور یہ سلسلہ تین ہفتوں تک جاری رہے گا۔ محکمہ موسمیات کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ 7مئی کے بعد دونوں شہروں کے علاوہ ریاست کے بیشتر اضلاع میں درجہ حرات میں اضافہ کے ساتھ گرم ہواؤں کا سلسلہ شروع ہوگا اور لو لگنے کے واقعات میں اضافہ کا خدشہ ہے اسی لئے شدید موسم گرما کے اس دور میں احتیاط لازمی کرنی چاہئے اورسخت دھوپ کے اوقات میں گھروں سے نکلنے سے اجتناب کی ضرورت ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گرمی کی شدت کے اوقات کار میں پانی و ٹھنڈے مشروبات کا زیادہ استعمال کیا جانا چاہئے تاکہ جسم میں پانی کی کمی نہ ہو۔ سرکاری محکمہ موسمیات کے ساتھ خانگی ماہرین نے بھی ماہ مئی کے آخری تین ہفتوں میں گرمی کی شدت میں اضافہ کا خدشہ ظاہر کیا اور کہا کہ شہری علاقوں میں درجہ حرارت 42ڈگری سے تجاوز کرنے کا خدشہ ہے جبکہ کئی اضلاع بالخصوص عادل آباد‘ نرمل‘ نظام آباد ‘ کتہ گوڑم‘ کھمم‘ رنگاریڈی ‘ ملکاجگری ‘ میڑچل و میدک میں درجہ حرارت میں اضافہ کے امکانات ہیں۔ذرائع کے مطابق گرمی کی لہر کے دوران احتیاطی تدابیر کے سلسلہ میں ضلعی انتظامیہ کے علاوہ محکمہ موسمیات کی جانب سے بھی شعور بیداری مہم چلانے کا فیصلہ کیاگیا ہے ۔ ڈاکٹرس کے مطابق گرمی میں اضافہ کے ساتھ شہریوں کو زیادہ پانی کے استعمال کو یقینی بناکر دھوپ کے اوقات میں گھروں سے نکلنے سے اجتنا ب کرنا چاہئے اور اگر شدید ضرورت کے تحت دھوپ کے اوقات میں گھروں سے نکلنا ہوتو سر‘ گردن اور کانوں کو ڈھانک کرنکلنا چاہئے علاوہ ازیں لو لگنے کی شکایت کے ساتھ ہی کسی ڈاکٹرسے رجوع ہوکر علاج پر توجہ دینی چاہئے ۔ محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ موسم گرما کا اختتام تلنگانہ ‘ کرناٹک ؤ آندھراپردیش کے علاقوں بالخصوص پڑوسی آندھراپردیش کے ساحلی علاقوں میں گرمی کی شدت اور رطوبت میں اضافہ کے سبب پسینہ کا زیا دہ اخراج ہوتا ہے اسی لئے ساحلی علاقوں اور رطوبت میں اضافہ کا شکار افراد کو بھی پانی کا زیادہ استعمال کرنا چاہئے ۔م