روہنگیائی مسلمانوں اور پاکستانیوں کو ملک سے بیدخل کیا جائے گا : بنڈی سنجے
حیدرآباد :۔ تلنگانہ بی جے پی کے صدر بنڈی سنجے نے پھر ایک مرتبہ زہر افشانی کرتے ہوئے متنازعہ و سنسنی خیز ریمارکس کرتے ہوئے کہا کہ مئیر کے عہدے پر کامیابی کے بعد بی جے پی پرانے شہر پر سرجیکل اسٹرئیک کرے گی ۔ اپل اور رامنتا پور میں انتخابی مہم چلاتے ہوئے منعقدہ ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے بنڈی سنجے نے کہا کہ پرانے شہر میں روہنگیائی مسلمان ، پاکستانی ، بنگلہ دیشی افراد ووٹ کا استعمال کررہے ہیں ۔ گریٹر حیدرآباد کے جی ایچ ایم سی انتخابات میں مئیر کے عہدے پر بی جے پی کا قبضہ ہوتا ہے تو سب سے پہلے بی جے پی پرانے شہر میں سرجیکل اسٹرئیک کرائے گی اور روہنگیائی مسلمانوں ، پاکستانیوں اور بنگلہ دیشیوں کو ملک سے نکال باہر کرے گی ۔ بنڈی سنجے نے کہا کہ ٹی آر ایس اور مجلس کے درمیان خفیہ ساز باز ہوگئی ہے اور یہ دونوں جماعتیں فرینڈلی مقابلہ کررہی ہیں ۔ دونوں جماعتوں کو شکست دیتے ہوئے بی جے پی کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی عوام سے اپیل کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پرانے شہر میں روہنگیائی مسلمان اور پاکستانی حق رائے دہی سے استفادہ کررہے ہیں ۔ بی جے پی ایک خصوصی منصوبہ بندی کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے ۔ کامیابی کے بعد پرانے شہر کا نام تبدیل کر کے بھاگیہ نگر رکھ دیا جائے گا ۔ بی جے پی کے قومی سابق جنرل سکریٹری مرلیدھر راؤ نے بی جے پی ہیڈکوارٹر پر ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 1948 میں مجلس نے حیدرآباد کو پاکستان میں ضم کرنے کا مطالبہ کیا تھا ۔ بہار میں کامیاب ہونے والے مجلس کے رکن اسمبلی نے ہندوستان کے نام پر حلف لینے سے انکار کردیا ۔ پرانے شہر میں حکمران ٹی آر ایس جماعت ووٹ کٹوا پارٹی میں تبدیل ہوگئی ہے ۔ دہلی میونسپلٹی پر 30 سال سے بی جے پی کا قبضہ ہے ۔ بی جے پی نے جہاں سے کامیابی حاصل کی وہاں کبھی فسادات نہیں ہوئے ۔ بی جے پی جو کہتی ہے وہ کر دکھاتی ہے ۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں بی جے پی کی سونامی آئے گی اس کے بعد کانگریس کا نام و نشان ختم ہوجائے گا ۔۔