حیدرآباد ۔10 ۔ مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ پولیس کی جانب سے ممنوعہ سی پی آئی ماؤسٹ کے سابق جنرل سکریٹری ایم لکشمن راؤ عرف گنپتی کو سرینڈر کرنے کی مساعی تیز کردی گئی ہے تاکہ انہیں ہتھیار ترک کرتے ہوئے قومی دھارے میں شمولیت کی ترغیب دی جاسکے۔ حالیہ عرصہ میں ممنوعہ سی پی آئی ماؤسٹ کے کئی سرکردہ قائدین نے سرینڈر کردیا اور ماؤسٹ سرگرمیوں سے علحدگی اختیار کرلی۔ تلنگانہ ، چھتیس گڑھ ، مہاراشٹرا ، اتراکھنڈ اور آندھراپردیش میں ماؤسٹ سرگرمیوں کا عملاً خاتمہ ہوچکا ہے اور مرکزی حکومت نے جاریہ ماہ کے اختتام تک ماؤسٹ تحریک کے صفایا کا اعلان کیا ہے۔ مرکزی وزارت داخلہ نے آپریشن کگار کے ذریعہ کئی سرکردہ ماؤسٹ قائدین اور کارکنوں کو انکاؤنٹر میں ہلاک کردیا ہے۔ تلنگانہ میں گزشتہ دنوں بعض سرکردہ ماؤسٹ قائدین کے سرینڈر کے بعد گنپتی کو ترغیب دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی جانب سے گنپتی کو مکمل تحفظ اور بازآبادکاری کا تیقن دیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ تلنگانہ کے بعض پولیس عہدیدار گنپتی سے ربط میں ہیں اور انہیں ہتھیار ڈالنے کی ترغیب دے رہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ گنپتی نے آپریشن کگار کے آغاز کے بعد سے اپنا ٹھکانہ تبدیل کردیا ہے۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ گنپتی نے جنگلاتی علاقوں سے اپنا ٹھکانہ کسی نامعلوم مقام منتقل کردیا ہے۔ امید کی جارہی ہے کہ سرینڈر کرنے کی ترغیب دینے میں حکومت کامیاب رہے گی۔1