ماؤیسٹوں نے چھتیس گڑھ ۔ تلنگانہ سرحد پر 25 تاجروں کااغوا کر لیا

   

حیدرآباد۔30نومبر ( یواین آئی ) ماؤیسٹوں نے چھتیس گڑھ اور تلنگانہ کی سرحد پر 25 تاجروں کااغوا کر لیا۔ چھتیس گڑھ کے سکما ضلع کے گولاپلی میں ہفتہ وار بازار کیلئے تلنگانہ بھدرادری کوتہ گوڑم دموگوڑم منڈل کے 25 تاجر آٹوز اور ٹووہیلرس میں روانہ ہوئے ۔ بھدرادری کوتہ گوڑم اور سکما سرحد پر تاڑلہ گوڑم۔گولہ پلی کراس روڈ پر، ماؤیسٹوں نے گاڑیوں کو روکا اور تاجروں کو نیچے اتارلیا۔ آٹوز اور گاڑیوں سے ضروری اشیاء اور شراب کی بوتلیں پھینک دی گئیں۔ وہ ان کے سیل فونس چھین کر جنگل میں لے گئے ۔ ان میں کچھ خاتون تاجر بھی ہیں۔ یہ الزام لگاتے ہوئے کہ یہ تاجر پولیس مخبر تھے ، ان میں بعض تاجروں پر حملہ کیا گیا۔