مائک پومپیو سے ہندوستانی سفیر کی وداعی ملاقات

,

   

Ferty9 Clinic

دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر بات چیت
واشنگٹن۔/4 جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کے سفیر برائے امریکہ ہریش وردھن شرنکلا نے امریکہ کے وزیر خارجہ مائک پومپیو سے وداعی ملاقات کی اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے سے متعلق مختلف اُمور پر تبادلہ خیال کیا۔ اپنی میعاد کی تکمیل پر ہندوستان واپسی سے قبل انہوں نے امریکی وزیر خارجہ سے ملاقات کی ۔ شرنکلا ہندوستان کے اگلے خارجہ سکریٹری کی حیثیت سے جائزہ حاصل کریں گے اور وجئے گھوکھلے کی جگہ خدمات انجام دیں گے جو اس ماہ کے اواخر میں سبکدوش ہورہے ہیں۔ ہندوستانی سفارتخانہ نے اپنے ٹوئیٹ میں بتایا کہ دونوں قائدین نے ہند ۔ امریکہ کے درمیان شراکت داری کو 2019 کی طرح مستحکم کرنے پر بات چیت کی۔ امریکہ ڈراون حملہ میں ایران کے فوجی کمانڈر قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد انتہائی مصروف شیڈول کے باوجود پومپیو نے ہند ۔ امریکہ تعلقات کو اہمیت دی اور بات چیت میں حصہ لیا۔ ہریش وردھن نے امریکہ میں بحیثیت سفیر ہند ایک سال تک خدمات انجام دیں اور گزشتہ سال ستمبر میں ہوسٹن میں ’’ہوڈی۔ مودی ‘‘ پروگرام کے کامیاب انعقاد میں اہم رول ادا کیا تھا جب امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور وزیر اعظم نریندر مودی نے ہندوستانی برادری سے مشترکہ طور پر خطاب کیا تھا۔