واشنگٹن ۔ باکسنگ کے سابق امریکی عالمی ہیوی ویٹ چیمپئن مائیک ٹائسن رِنگ میں واپسی کے بعد رواں برس 12 ستمبر کو ایکشن میں نظر آئیں گے۔ برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق 54 برس کے مائیک ٹائسن فور ڈویژن عالمی چیمپئن 51 سالہ روئے جونز جونیئر کے خلاف آٹھ راؤنڈ پر مشتمل نمائشی مقابلے میں مدِمقابل ہوں گے۔ یہ مقابلہ امریکہ کی ریاست کیلی فورنیا کے ڈگنٹی ہیلتھ سپورٹس پارک کارسن میں 12 ستمبر کو ہوگا۔ اسکائی نیوز کے مطابق مائیک ٹائسن 15 برس بعد باکسنک کے کسی مقابلے میں حصہ لیں گے۔ اس سے قبل وہ 2005 میں آخری مرتبہ کسی مقابلے میں حصہ لیتے ہوئے نظر آئے تھے۔ مائیک ٹائسن کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ ’’میں جم جا کر اپنے جسم کو مضبوط بنانا چاہتا ہوں تاکہ کسی چیاریٹی میچ کے لیے تین چار راؤنڈز کا مقابلہ کرنے کے قابل ہو جاؤں۔‘‘دوسری جانب اس مجوزہ میچ کے لیے ان کے حریف روئے جونز جونیئر نے ٹویٹ کی کہ ‘میں خوش ہوں کہ میرے اور ٹائسن کے درمیان مقابلہ ہونے جا رہا ہے، میں ہمیشہ سے تیار تھا اور اس مرتبہ اس مقابلے کے لیے بھی تیار ہوں۔