ریاستیں اور ریلوے کرایہ برداشت کریں ، سپریم کورٹ کی ہدایت
نئی دہلی 28 مئی (سیاست ڈاٹ کام) مائیگرنٹ مزدوروں سے ٹرین یا بس کا کرایہ وصول نہیں کیا جائے گا، سپریم کورٹ نے آج یہ بات کہی اور ریاستوں اور مرکزی علاقوں کو ہدایت دی کہ مائیگرینٹس جب تک ٹرینوں اور بسوں میں سوار نہ ہوجائیں، انہیں غذا کی مفت فراہمی ان کی ذمہ داری ہے۔ یہ ورکرس کورونا وائرس لاک ڈاؤن کے سبب پھنس گئے ہیں اور کام نہ ہونے کی وجہ سے اپنے آبائی مقامات کو واپس ہونا چاہتے ہیں۔ فاضل عدالت نے مائیگرنٹ ورکرس کو مشکلات و پریشانیوں کا جائزہ لیتے ہوئے کئی عبوری ہدایات جاری کئے اور ریاستوں سے کہا کہ ان ورکرس کے رجسٹریشن کے عمل میں تیزی لائیں اور اسے سادہ بنائیں۔ عدالت نے کہا کہ جن مقامات پر ورکرس پھنسے ہوئے ہیں ، وہاں رجسٹریشن کیلئے ہیلپ ڈیسک قائم کئے جائیں۔ عدالت نے مائیگرنٹ ورکرس کی زبوں حالی پر نرمدا بچاؤ آندولن لیڈر میدھا پاٹکر کی علیحدہ عرضی پر مرکز اور دیگر کو نوٹسیں بھی جاری کئے اور اس عرضی کو اپنے ازخود نوٹ لئے گئے کیس کے ساتھ جوڑ دیا۔ عدالت عظمی نے 26 مئی کو ان ورکرس کی پریشانیوں کا ازخود نوٹ لیتے ہوئے کیس بنایا تھا۔ جسٹس اشوک بھوشن کی بنچ نے کہا کہ ریاستوں کو یہ یقینی بنانے کی کوشش کرنا ہوگا کہ رجسٹریشن کے بعد ورکرس کو ٹرین یا بس کے ذریعہ جلد از جلد روانہ کردیا جائے اور مکمل معلومات کو تمام متعلقہ گوشوں کیلئے جاری کیا جائے۔