مائیگرنٹس کو غذائی اجناس کی تقسیم میں ریاستوں کی لا پرواہی : پاسوان

,

   

نئی دہلی 29 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) مائیگرنٹ ورکرس میں غذائی اجناس کی تقسیم میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مرکزی وزیر تغذیہ رام ولاس پاسوان نے آج ریاستی حکومتوں کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ریاستی حکومتوں خاص طور پر دہلی ‘ مدھیہ پردیش اور مغربی بنگال کی جانب سے اس سلسلہ میں مناسب اقدامات نہیں کئے گئے ۔ رام ولاس پاسوان نے کہا کہ ریاستوں کو مائیگرنٹ استفادہ کنندگان کا پتہ چلانے سرویز کرنے کی بجائے ضرورتمند مائیگرنٹس میں غذائی اجناس کی تقسیم کیلئے اقدامات کرنے چاہئیں۔ ایسے افراد کو بھی اجناس فراہم کی جانی چاہئیں جن کے پاس مرکزی یا کسی ریاست کا راشن کارڈ بھی نہ ہو۔ پاسوان نے کہا کہ حکومت اس اسکیم پر عمل آوری میں کوئی سوال نہیں کریگی ۔ مرکزی حکومت نے مائیگرنٹس کو بھوک سے بچانے فی کس پانچ کیلو غذائی اجناس اور ایک کیلو چنا مئی اور جون کے مہینے میں فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا ۔ پاسوان نے کہا کہ وہ یہ سمجھنے سے قاصر ہیں کہ کیوں ریاستیں مرکز سے مفت فراہم کی جانے والی غذائی اجناس حاصل کرنے سے گریز کر رہی ہیں۔ ہم مفت اجناس فراہم کر رہے ہیں لیکن حکومتیں یہ حاصل کرنے سے گریز کر رہی ہیں۔ اس میں مرکز کیا کرسکتی ہے ؟ ۔انہوں نے کہا کہ ہریانہ اور تریپورہ جیسی ریاستوں میں مائیگرنٹس میں اجناس کی تقسیم کا عمل شروع ہوچکا ہے تاہم چھتیس گڑھ ‘ دہلی ‘ آسام ‘ مدھیہ پردیش ‘ اوڈیشہ ‘ راجستھان اور مغربی بنگال جیسی ریاستوں نے ابھی تک بھی مرکز سے اجناس کے ذخیرہ حاصل نہیں کئے ہیں۔ مرکزی حکومت نے ریاستوں سے کہا ہے کہ وہ اجناس حاصل کریں اور کسی تاخیر کے بغیر مائیگرنٹ ورکرس میں ان کی تقسیم عمل میں لائیں۔ انہوں نے کہا کہ مائیگرنٹس کا پتہ چلانے سروے کیا جا رہا ہے جبکہ اس کی ضرورت نہیں ہے ۔ ضرورتمندوں میں اجناس تقسیم کئے جانے چاہئیں۔