مائیگرینٹس کو روزی روٹی فراہم کرنا اصل امتحان: مایاوتی

   

نئی دہلی 29 مئی (سیاست ڈاٹ کام) بہوجن سماج پارٹی کی صدر مایاوتی نے جمعہ کے روز کہا کہ مہاجر مزدوروں کو روزی روٹی فراہم کرنا مرکزی اور ریاستی حکومتوں کا اصل امتحان ہے ۔مایاوتی نے سلسلہ وار ٹویٹ میں کہا کہ مہاجر مزدوروں کے ساتھ انصاف ہونا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے 20 لاکھ کروڑ روپے کے امدادی پیکیج کی آزمائش مہاجر مزدوروں کو انصاف دلانا ہے ۔ انہوں کہا کہ مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی اولین ترجیح مہاجر مزدوروں کو روزی روٹی فراہمی ہونی چاہئے ۔بی ایس پی لیڈر نے کہا ‘‘ملک میں گزشتہ 66 دن سے لاک ڈاؤن کی وجہ سے ہرطرح کی نظر انداز اور نفرت سے متاثرکسی نہ کسی طرح گھر واپس لوٹنے والے لاکھوں مہاجر مزدوروں کے لئے آخر کارعدالت کو کہنا پڑا کہ ریل اور بسوں سے انہیں مفت گھر بھیجنے کی پوری ذمہ داری حکومتوں کی ہے ۔ بی ایس پی کے اس مطالبے کو حکومت نظر انداز کرتی رہی ہے ۔ ‘‘انہوں نے کہا کہ خاص طور پر اتر پردیش اور بہار میں واپس جا رہے ان بے سہارا لاکھوں مہاجر کارکنوں کی روزی روٹی کا بنیادی مسئلہ حل کرنا مرکز اور ریاستی حکومتوں کا اب پہلا فرض بنتا ہے ۔ انہیں ان کے گھر کے آس پاس مستقل روزگار فراہم کرنا ہی حکومت کی نیت، پالیسی اور خلوص کا اصل امتحان ہے ۔ مایاوتی نے کہا ‘‘اصل میں مرکز نے دیر سے ہی صحیح 20 لاکھ کروڑ روپے کے جس اقتصادی پیکیج کا اعلان کیا ہے اس کا بھی عوامی مفاد میں مناسب استعمال کا امتحان اب یہاں ہونا ہے ۔ عوام اپنی حالت زار اور بدحالی کے لئے حکومتوں کی نظرانداز اور نفرت کو شاید ہی آگے بھلا پائیں۔ انہیں جینے کے لئے انصاف چاہئے ۔