پائیدار طرز زندگی اور سرسبز ترقیاتی نمونہ پر عمل ، نقل مقام کرنے والے جنگلی جانوروں کے تحفظ کیلئے اقدامات: مودی
نئی دہلی ؍ گاندھی نگر 17 فروری (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج زور دے کر کہاکہ ان کی حکومت پائیدار ترقی پر یقین رکھتی ہے اور ماحولیات کو نقصان پہونچائے بغیر ترقی کو یقینی بنایا جائے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ ہندوستان اُن چند ممالک میں شامل ہے جس کے اقدامات درجہ حرارت کو دو ڈگری سیلسیس سے کم رکھنے کے مقصد پر مبنی پیرس سمجھوتہ سے مطابقت رکھتے ہیں۔ وزیراعظم مودی نے جنگلی جانوروں کی نقل مقام کرنے والی اقسام کے تحفظ پر گاندھی نگر میں منعقدہ فریقین کو 13 ویں کانفرنس سے ویڈیو کے ذریعہ خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پائیدار طرز زندگی، سرسبز ترقیاتی نمونہ اور تحفظ کے اقدار پر مبنی ماحولیاتی اقدام کے لئے ہندوستان کی جانب قائدانہ رول ادا کیا جارہا ہے۔ مودی نے کہاکہ ہندوستان، اپنی قدیم روایات ’اتیتی دیوا بھوا‘ (مہمان، بھگوان کا روپ ہے) کی روایت پر عمل کررہا ہے۔ مودی نے کہا کہ ان کی حکومت پائیدار ترقی میں یقین رکھتی ہے اور یہ یقینی بنایا ہے کہ قدرت کو نقصان پہنچائے بغیر ترقی کے کام ہوں۔حکومت کی کوششوں سے ملک کے جنگلات کے شعبہ میں اضافہ ہوا ہے اور یہ ملک کے کل رقبہ کے 21/67فیصد پر پہنچ گیا ہے ۔سال 2014 میں تحفظ یافتہ علاقوں کی تعداد 715 تھی جو اب بڑھکر 870تک پہنچ گئی ہے ۔ان کا کل رقبہ 1,70000مربع کلومیٹر پر پہنچ چکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے گرین ایکونومی کی سمت 450گیگاواٹ سبز توانائی کا ہدف رکھا ہے جس سے الیکٹرک گاڑیوں،اسمارٹ سٹی،آبی تحفظ اور دوسرے دیگر پراجیکٹوں کو رفتار ملے گی۔ بین الاقوامی شمسی الائنز ،قدرتی آفات سے بچاؤ کے بنیادی ڈھانچے کے نظام اور انڈسٹرئیل ٹرانزیشن لیڈرشپ جیسی ہندوستان کی پہل میں دنیا کے کئی ملک دلچسپی دکھا رہے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ دنیا کے 2.4فیصد علاقے کے ساتھ ہندوستان دنیا کی آٹھ فیصد حیاتیاتی تنوع کا گھر ہے ۔یہاں مختلف قسم کی یکولوجی موجود ہے ۔حیاتیاتی تنوع کے چار اہم ہاٹ اسپاٹ مشرقی ہمالیہ کی حد،مغربی گھاٹ،ہندوستان – میانمار علاقے اور انڈمان اور نیکوبار جزائر ملک میں موجود ہیں۔ملک میں ہر سال دنیا بھر سے 500سے زیادہ پرندے نقل مکانی کرکے آتے ہیں اور کچھ وقت کے لئے یہاں رہتے ہیں۔
