مارپیٹ کے خلاف گیس ایجنسی ملازمین کا احتجاج

   

رشی کیش۔ 30مارچ (یو این آئی) اتراکھنڈ میں رشی کیش کے شیام پور علاقے میں اتوار کو ایل پی جی گیس کی ترسیل کے دوران ایجنسی کے ملازمین کے ساتھ مارپیٹ اور لوٹ کے واقعہ کے خلاف پیر کو ملازمین نے کوتوالی رشی کیش کی شیام پور چوکی میں احتجاج کیا۔ انڈین گیس ایجنسی چھدر والا کے تمام ملازمین منیجر کی قیادت میں چوکی پہنچے اور ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کیا۔ایجنسی انتظامیہ کی طرف سے پولیس کو دی گئی شکایت میں کہا گیا ہے کہ اتوار کو ملازم دنیش اور ونود معمول کے مطابق شیام پور علاقے میں گیس سلنڈر پہنچا رہے تھے ۔ اس دوران ایک مقامی نوجوان جو مبینہ طور پر نشے میں تھا، ان کے ساتھ بدسلوکی کرنے لگا۔ احتجاج کرنے پر ملزم نے دونوں ملازمین کے ساتھ مارپیٹ کی اور موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کیش بیگ لے کر فرار ہوگیا۔ اس واقعہ سے ناراض ملازمین آج صبح شیام پور چوکی پہنچے اور زبردست احتجاج کیا۔ ایجنسی منیجر نے پولیس سے مطالبہ کیا کہ ملزمان کو فوری گرفتار کرکے سخت کارروائی کی جائے ۔پولیس نے احتجاج کرنے والے ملازمین کو یقین دلایا کہ شکایت کی بنیاد پر معاملے کی مکمل جانچ اور ضروری قانونی کارروائی کی جائے گی۔