نئی دہلی، 16 ستمبر (یو این آئی) ہندوستان کے سرکاری دورے پر آنے والے ماریشس کے وزیر اعظم ڈاکٹر نوین چندر رام غلام نے منگل کے روز نائب صدر جمہوریہ سی پی رادھا کرشنن سے ملاقات کی۔ نائب صدر انکلیو میں دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی اس ملاقات میں ہندوستان اور ماریشس کے درمیان تجارتی، اقتصادی اور عوام کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سرکاری معلومات کے مطابق، ماریشس کے وزیر اعظم نے اپنے آٹھ روزہ دورہ ہند کے آخری دن مسٹر رادھا کرشنن سے ملاقات کی۔
ماریشس کے وزیر اعظم رام غلام سے سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کی ملاقات
نئی دہلی، 16 ستمبر (یو این آئی) کانگریس پارلیمانی پارٹی کی لیڈر سونیا گاندھی اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی نے منگل کے روز ہندوستان کے دورے پر آنے والے جمہوریہ ماریشس کے وزیر اعظم ڈاکٹر نوین چندر رام غلام سے ملاقات کی۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں یہ اطلاع دیتے ہوئے راہول گاندھی نے لکھا کہ سونیا گاندھی کے ساتھ، مجھے جمہوریہ ماریشس کے وزیر اعظم ڈاکٹر نوین چندر رام غلام سے ملاقات کا شرف حاصل ہوا۔ ہم نے دونوں ممالک اور دونوں ممالک کے شہریوں کے درمیان گہری اور دیرپا دوستانہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔واضح رہے کہ ڈاکٹر رام غلام اپنی اہلیہ وینا رام غلام کے ساتھ 9 ستمبر سے ہندوستان کے آٹھ روزہ دورے پر ہیں۔ ڈاکٹر رام غلام کا یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہے ۔ اس دوران انہوں نے ممبئی، بنارس، اجودھیا اور تروپتی، اتراکھنڈ سمیت کئی مقامات پر مختلف پروگراموں میں حصہ لیا۔