پنچایت سکریٹری کا فیصلہ ، سوشیل میڈیا میں وائرل ، مقامی عوام کی برہمی
حیدرآباد :۔ پنچایت سکریٹری نے ماسک نہ لگانے والے بچوں کو مینڈک کی طرح کودنے کی سزا سنائی ۔ جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی اور مقامی عوام نے سخت برہمی کا اظہار کیا ۔ ریاست میں ہر ایک کو ماسک لازمی طور پر لگانے کی حکومت کی جانب سے احکامات جاری کئے گئے ہیں ۔ قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کرتے ہوئے جرمانہ عائد کیے جارہے ہیں ۔ مگر ضلع جگتیال کے رگھوناتھ پلی منڈل میں واقع بھنجی پیٹ موضع کا پنچایت سکریٹری نے دورہ کیا اور ماسک نہ لگانے والے 10 سال سے کم عمر کے دو بچوں کو سزا کے طور پر پہلے انہیں مرغا بیٹھایا پھر مینڈک کی طرح انہیں سڑک پر کود کرجانے کے لیے مجبور کیا جس سے دو چھوٹے بچوں کے گھٹنے زخمی ہوگئے ۔ مقامی عوام نے اس کی ویڈیو سوشیل میڈیا پر پیش کی اور پنچایت سکریٹری پر برہمی کا اظہار کیا ۔ تفصیلات کے بموجب پنچایت سکریٹری سری رنگاریڈی نے گاوں کا دورہ کیا اور ماسک نہ لگانے والے دو افراد کو جرمانہ عائد کیا ۔ اس کے بعد اندرون 10 سال عمر والے دو بچے بغیر ماسک کے نظر آنے پر انہیں سزا کے طور پر مرغا بنایا ۔ پھر مینڈک کی اچھل کود کرنے کی سزا سنائی ۔ یہ ویڈیو سوشیل میڈیا پر دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگیا ۔ لوگوں میں پھیلی ہوئی ناراضگی کو دیکھتے ہوئے پنچایت سکریٹری نے وضاحت کی وہ بچوں کو سزا کے طور پر نہیں بلکہ دوسرے بچوں میں ماسک لگانے کے لیے شعور بیدار کرانے کے لیے ان بچوں کو مینڈک کی طرح کودنے کی ہدایت دی ۔۔