ماسک پہننے سے مسافر کا انکار، امریکی طیارہ آدھے راستے سے واپس

   

نیویارک : امریکی ایئرلائن کے جہاز میں سوار مسافر کی جانب سے کورونا کا حفاظتی ماسک پہننے سے انکار پر آدھے راستے میں ہی طیارہ کو واپس موڑ لیا گیا۔ ائیرلائن حکام نے بتایا کہ پرواز میامی سے لندن جا رہی تھی، تاہم اس دوران ایک مسافر نے ماسک پہننے کا ضابطہ ماننے سے انکار کر دیا، جس پر بدمزگی پیدا ہوئی اور معاملہ حل نہ ہونے پر جہاز کو واپس میامی لے جایا گیا۔129 مسافروں اور 14 عملے کے ارکان کو لے کر روانہ ہونے والے بوئنگ 777 جب واپس ایئرپورٹ آئی تو پولیس پہلے سے وہاں پہنچ چکی تھی۔ایک پولیس اہلکار نے سی این این کو بتایا کہ جہاز اترنے کے بعد ماسک نہ پہننے والے مسافر کو بغیر کسی مزید بدمزگی کے نیچے اتار لیا گیا۔امریکی حکام کی جانب سے کہا گیا ہے کہ تحقیقات کے بعد اس مسافر کو ان لوگوں کی فہرست میں شامل کر لیا گیا ہے جن کے ہوائی سفر پر پابندی ہے۔