مجلس زعفرانی پارٹی کے خفیہ ایجنڈے پر عمل پیرا۔ ٹی ایم سی کو کانگریس کا انتباہ
نئی دہلی : صدر اے آئی ایم آئی ایم اسدالدین اویسی نے چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی کو تجویز پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اُن کی پارٹی آئندہ سال ریاستی اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو شکست دینے میں ترنمول کانگریس کی مدد کرے گی۔ بہار کے سیمانچل خطہ میں 5 اسمبلی نشستیں جیتنے کے بعد بلند حوصلہ اویسی نے اعلان کیا تھا کہ اُن کی پارٹی بنگال اسمبلی کے چناؤ بھی لڑے گی۔ اویسی کا بیان اِس پس منظر میں سامنے آیا ہے کہ ممتا بنرجی نے ایم آئی ایم پر درپردہ حملہ میں کہا ہے کہ بعض بیرونی عناصر عوام کو خوف میں مبتلا کررہے ہیں اور اُنھوں نے ریاست کے عوام سے ایسے غیروں سے چوکس رہنے کی اپیل کی۔ ٹی ایم سی ایم پی سوگتا رائے نے ٹائمس ناؤ سے بات چیت میں کہاکہ ایم آئی ایم کو زعفرانی پارٹی نے ٹی ایم سی کے ووٹوں کے تناسب کو منتشر کرنے کا کام سونپا ہے۔ اِسی طرح کانگریس لیڈر ادھیر رنجن چودھری نے کہاکہ اویسی کی پارٹی کا مقصد سماج میں انتشار پھیلانا اور فرقہ پرستی کی بنیاد پر ووٹ بٹورنا ہے لیکن مغربی بنگال اِس طرح کے انتشار پسندانہ سیاست اور فرقہ پرستی کو اب سے نہیں بلکہ آزادی سے مسترد کرتی آئی ہے۔ چودھری نے قبل ازیں ایم آئی ایم کو بی جے پی کی بی ٹیم قرار دیا تھا جس کا واحد مقصد سیکولر پارٹیوں کو نقصان پہنچانا اور اُن کے روایتی ووٹوں کو منتشر کرنا ہے۔ ایم آئی ایم کی نظریں اقلیتوں کے غلبہ والے اضلاع مالدہ، مرشدآباد اور نارتھ دیناج پور ہیں۔ بنگال میں ایم آئی ایم کے امکانی داخلہ پر چوکس سی پی آئی (ایم) اور کانگریس نے گزشتہ شب دو گھنٹے طویل میٹنگ منعقد کرتے ہوئے آنے والے چناؤ کے لئے حکمت عملی پر غور کیا۔ دونوں پارٹیاں اتحاد میں چناؤ لڑیں گی۔ دونوں پارٹیوں نے عوام تک رسائی کے پروگرام کی منصوبہ بندی کی ہے جہاں وہ کمیونٹی کی قیادت اور اقلیتی برادری کی مختلف شخصیتوں سے ملاقات کریں گے۔ دونوں پارٹیوں نے 18 ڈسمبر کو نیشنل میناریٹیز ڈے کے عنوان سے خصوصی پروگرام منعقد کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ 2016 ء کے اسمبلی چناؤ میں کانگریس اور سی پی ایم اتحاد کو مالدہ، مرشدآباد اور نارتھ دیناج پور اضلاع سے 76 نشستوں کے منجملہ 34 پر کامیابی حاصلہ ہوئی تھی۔