نافرماں اولاد کا ظلم ، ضعیف جوڑا بھیک مانگنے پر مجبور
حیدرآباد ۔ 20 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : دین سے دوری انسان کو کس حد تک گرادیتی ہے کہ انسانیت شرمانے لگتی ہے ۔ والدین کے مقام و مرتبہ کو جو درجہ مذہب اسلام نے دیا ہے شاہد ہی کہیں اور اس کی مثال ملتی ہے ۔ والدین کی رضا مندی میں رب کی رضا مندی کو واضح کرنے والے مذہب اسلام کے ماننے والے جائیداد کو والدین پر ترجیح دے رہے ہیں ۔ اس طرح کا ایک انسانیت سوز واقعہ شہر کے نواحی علاقہ پرگی منڈل میں پیش آیا ۔ جہاں ضعیف والدین ان کی اولاد نے گھر سے بے دخل کردیا ۔ محنت و مشقت سے کمائی ہوئی جائیداد کو خون سینچ کر پرورش کی ہوئی اولاد نے ہڑپ لیا ۔ آج یہ ضعیف جوڑا انصاف کی بھیک مانگتے ہوئے در در بھٹک رہا ہے ۔ ستم ظریفی کا یہ عالم ہے کہ پولیس بھی ان کی فریاد سننے سے قاصر ہے ۔ تفصیلات کے مطابق عبدالرزاق اور زاہدہ بیگم دونوں میاں بیوی ہیں اور ان کے 4 بچے 2 لڑکے اور 2 لڑکیاں ہیں ۔ گذشتہ 2 ہفتوں سے ضعیفی کے عالم میں یہ جوڑا در در بھٹک رہا ہے ۔ عبدالزاق کے نام 5 ایکڑ اور زاہدہ بیگم کے نام 2 ایکڑ زرعی اراضی اور دو مکانات ایک ان کے آبائی موضع راپول اور ایک پرگی میں پایا جاتا ہے ۔ ان کے بیٹوں نے انہیں جائیداد کی خاطر گھر سے نکال دیا اور اراضی پر قدم رکھنے پر جان سے مار دینے کی دھمکی دی ہے ۔ بیٹوں کے ظلم کا شکار عبدالرزاق اور ان کی بیوی فٹ پاتھ پر زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں اور انصاف کا مطالبہ کررہے ہیں ۔ اپنے والدین پر جاری ظلم اور تنگ نظری پر عبدالرزاق کی بیٹیوں نے مداخلت کی تو ان کے بھائیوں نے ان سے بھی تعلق ختم کرلیا اور مداخلت کے خلاف سنگین نتائج کا انتباہ دیا ۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ اور پرگی پولیس سے انصاف کی اپیل کی ہے ۔
