مال گاڑی حادثہ کے بعد ریلوے روٹ بحال

   

جگدل پور : چھتیس گڑھ میں ضلع دنتے واڑہ کے کملور- بھانسی اسٹیشن کے درمیان کچا لوہا بردار مال گاڑی کے 18 ڈبے پٹری سے اتر جانے کی وجہ سے بند ریلوے روٹ پر 16 گھنٹے بعد آمدو رفت بحال ہوئی ۔ ریلوے ذرائع نے بتایا کہ جمعہ کے روز ضلع دنتے واڑہ کے کملور- بھنسی اسٹیشن کے درمیان کچا لوہا بردارمال گاڑی کے 18 ڈبے پٹری سے اتر جانے کی وجہ سے یہ روٹ بند ہو گیا تھا۔ اس روٹ کو بھاری مشینوں اورسینکڑوں مزدوروں کی انتھک کوششوں کے بعد تقریباً 16 گھنٹے بعد کل شام کو بحال کردیا گیا ۔ اس روٹ پر پہلی ایم ٹی مال گاڑی کملور اسٹیشن سے کرندول کے لیے روانہ ہوئی۔ بتایا گیا کہ نکسل متاثرہ اور جنگل سے ڈھکے علاقے میں ریل کے پٹری سے اترنے کا واقعہ پیش آیا تھا ۔ اس کے بعد وشاکھاپٹنم ریلوے ڈویژن کے ڈی آر ایم انوپ کمار ستپاتھی کی رہنمائی میں بھاری مشینوں، ٹکنیکل افسران، ملازمین، سینکڑوں مزدوروں، آر پی ایف، سی آر پی ایف، دنتے واڑہ ضلع پولیس، ڈی آر جی کی موجودگی میں کام مکمل کیا گیا ۔