مالک کا نابالغ مزدور کے ساتھ بے رحمانہ سلوک

   

ہاتھ پیر باندھ کر پٹائی ، پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کیا
حیدرآباد :۔ مالک نے نا بالغ کو کام پر رکھنے کا جرم کرنے کے ساتھ اس کے خلاف ظالمانہ سلوک کیا ہے ۔ جس کا ویڈیو سوشیل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ۔ تفصیلات کے بموجب ضلع نظام آباد کے ملکاپور میں ایک مالک نے 12 سالہ نا بالغ کو پہلے کام پر رکھا اور نا بالغ کی جانب سے کام پر نہ آنے پر اس کے ساتھ جانوروں سے بدتر سلوک کیا ۔ نا بالغ لڑکے کو جھاڑ سے باندھ کر حملہ کیا ۔ مسئلہ کو یہیں ختم نہیں کیا بلکہ نا بالغ لڑکے کے پاؤں رسی سے باندھتے ہوئے اس کو سڑک پر کھینچ کر لے گیا ۔ مالک کی نوکر کے خلاف ظلم و ستم پر کسی نے کوئی مداخلت نہیں کی بلکہ عوام نے تماشہ دیکھا ۔ کسی نے نا بالغ کو بچانے کی جرات نہیں کی ۔ اس واقعہ کی ویڈیو سوشیل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی ۔ نا بالغ لڑکے کے ساتھ مالک کی مار پیٹ پر ملکاپور گاؤں کی ترقیاتی کمیٹی نے سخت نوٹ لیا اور مقامی رکن اسمبلی باجی ریڈی گوردھن ریڈی سے شکایت کرنے کا فیصلہ کیا ۔ نا بالغ پر مالک کی ظلم و ستم کا ویڈیو سوشیل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد نظام آباد رورل پولیس ملکاپور پہونچ گئی اور ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ مالک نا بالغ لڑکے کا دور کا رشتہ دار ہے ۔ کئی دن سے کام پر نہ آنے پر اس نے نا بالغ کے ساتھ اس طرح بے رحمی کا مظاہرہ کیا ۔۔