مالی سال کے طریقہ کار کو ختم کرنے کی تجویز ، بجٹ کی تیاری کا آغاز

   

جنوری تا دسمبر مالی سال ممکن ، ٹیکس وصولی نظام میں بھی تبدیلی ممکن
حیدرآباد۔6اکٹوبر(سیاست نیوز) حکومت ہند نے بجٹ 2020-21 کی تیاری کا عمل شروع کردیا ہے اور کہا جار ہاہے کہ حکومت کی جانب سے مالی سال کے موجودہ طریقہ میں تبدیلی لانے پر بھی غور کیا جا رہاہے اسی لئے جلد بجٹ کی تیاری کا عمل شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ملک میں بھارتیہ جنتا پارٹی اقتدار میں آنے کے بعد منصوبہ بندی کمیشن کو نیتی آیوگ میں تبدیل کیا گیا تھا اور نیتی آیوگ نے ہندستان کے موجودہ بجٹ مالی سال کے طریقہ کار کو تبدیل کرنے کی سفارش کی تھی تاکہ دنیا کے دیگر معیشتوں کے ساتھ مالی سال کو یکساں کیا جاسکے اور ہندستان میں سرمایہ کاری کرنے والی بیرونی کمپنیوں کو مالی سال کی ترتیب میں ہونے والی دشواریوں کو دور کیا جاسکے۔ ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق حکومت ہند کی مرکزی وزیر فینانس مسز نرملا سیتا رمن نے 14اکٹوبر سے آئندہ سال کے بجٹ کی تیاری کو قطعیت دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق 14 اکٹوبر سے شروع کی جانے والی ان سرگرمیوں کو ماہ نومبر کے دوسرے ہفتہ میں مکمل کرلینے کی بھی ہدایت دی گئی ہے اور کہا جار ہاہے کہ حکومت ہند نے درج فہرست طبقات کے علاوہ دیگر بہبود ی اسکیمات کے سلسلہ میں امور اور بجٹ کو نومبر کے پہلے ہفتہ میں ہی قطعیت دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ مرکزی حکومت نے اقتدار حاصل کرنے کے بعد پہلی مرتبہ سال 2016 کے دوران اس بات کے اشارے دیئے تھے کہ وہ جلد ہی ملک میں مالی سال کو جنوری تا ڈسمبر کرنے کے سلسلہ میں اقدامات کرے گی لیکن حکومت کی جانب سے اس سلسلہ میں کوئی قطعی فیصلہ نہیں کیا گیا کیونکہ ساتھ میں یہ بھی کہا جا رہا تھا کہ حکومت انکم ٹیکس کے موجودہ نظام کو فرسودہ تصور کرتی ہے کیونکہ اس نظام سے کئی لوگ خود کو دور رکھتے ہوئے ٹیکس چوری کے مرتکب بن رہے ہیں اسی لئے نیتی آیوگ کی جانب سے کی گئی سفارشات کے مطابق بی ٹی ٹی (بینکنگ ٹرانزیکشن ٹیکس) کے نفاذ پر غور کررہی ہے تاکہ بینک سے رقومات منہاء کرتے ہی ٹیکس وصول کرلیا جائے۔ بتایاجاتا ہے کہ انکم ٹیکس نظام میں تبدیلی اور بی ٹی ٹی کو روشناس کرواتے ہوئے ہر کسی سے ٹیکس وصولی یقینی بنانے کا حکومت کو راست فائدہ حاصل ہوگا اور معیشت میں استحکام کیلئے حکومت کو یہ تجویز بھی دی گئی تھی لیکن توقع کی جا رہی ہے کہ جاریہ مالیہ سال کے ساتھ حکومت کی جانب سے بی ٹی ٹی کو روشناس کروانے کے سلسلہ میں بھی اقدامات کا اعلان کیا جائے گا۔ نئی دہلی میں جاری سرگرمیوں کو دیکھتے ہوئے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ بجٹ کی تیاری کی سرگرمیوں سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ حکومت کوئی اہم فیصلہ کرنے جا رہی ہے اور ممکن ہے کہ مالی سال کو تبدیل کرتے ہوئے موجودہ اپریل تا مارچ نظام کو ختم کردیا جائے گا اور جنوری تا ڈسمبر کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔