مالی کے فوجی ٹھکانہ پر دہشت گرد حملہ ‘ 53 سپاہی ہلاک

   

بماکو 2 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) مالی کے ایک فوجی ٹھکانہ پر ملک کے شمال مشرق میں کئے گئے دہشت گردانہ حملے میں کم از کم 53 فوجی ہلاک ہوگئے ہیں۔ حکومت نے یہ بات بتائی اور کہا کہ مالی کی فوج کے خلاف عسکریت پسند تشدد کا یہ سب سے ہلاکت خیز حملہ رہا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ انڈیلا مانے میں کئے گئے اس حملہ میں ایک عام شہری بھی ہلاک ہوگیا ہے ۔ یہ فوجی ٹھکانہ نائیجیریا کی سرحد کے قریب واقع ہے ۔ وزیر مواصلات یایا سنگیرا نے ٹوئیٹر پر یہ بات بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ صورتحال قابو میں ہے اور نعشوں کی تلاش اور ان کی شناخت کا عمل شروع کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس آوٹ پوسٹ پر ہوئے حملے میں 10 افراد بچ گئے ہیں ۔ حملہ کی وجہ سے آوٹ پوسٹ کو خاطر خواہ نقصان ہوا ہے ۔ حملے کی مزید اطلاعات نہیں مل سکی ہیں۔ مالی کی حکومت نے قبل ازیں اس حملہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے دہشت گد حملہ قرار دیا ہے اور کہا کہ اس کے نتیجہ میں بے شمار اموات ہوئی ہیں اور کئی لوگ زخمی بھی ہوئے ہیں۔ حکومت نے تاہم مہلوکین کی تعداد نہیں بتائی تھی ۔ سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ علاقہ میں اضافی دستے روانہ کردئے گئے ہیں تاکہ اس کو محفوظ بنایا جاسکے اور حملہ آوروں کی تلاش کی جاسکے ۔ کسی بھی گروپ نے جمعہ کو ہوئے اس حملہ کی ابھی تک ذمہ داری قبول نہیں کی ہے ۔ واضح رہے کہ تقریبا ایک مہینے قبل مالی کی برکینا فاسو سے ملنے والی سرحد کے قریب بھی دو حملے ہوئے تھے جن میں 40 ہلاکتیں ہوئی تھیں۔ تاہم اس وقت کئی ذرائع نے دعوی کیا تھا کہ حکومت نے ہلاکتوں کی تعداد کو گھٹا کر پیش کیا ہے ۔ اس ہلاکت خیز حملے کے بعد فوجی کیمپ کے باہر احتجاجی مظاہرہ بھی ہوا ہے ۔ مالی کی افواج کو ان عسکریت پسندوں اور دہشت گردوں کا سامنا کرنے اور ان سے نمٹنے میں کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔