مانسون اجلاس میں نیا ڈیٹا پروٹیکشن بل پیش کیا جائے گا

   

رازداری پالیسی پر سپریم کورٹ میں حکومت کا بیان
نئی دہلی : مرکزی حکومت نے منگل کو سپریم کورٹ کو بتایا کہ ڈیٹا پروٹیکشن بل تیار ہے اور اسے پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ورچوئل دنیا میں ہندوستان کے لوگوں کی پرائیویسی پالیسی کے معاملے میں مرکزی حکومت نے منگل کو سپریم کورٹ میں کہا ہے کہ ایک نیا ڈیٹا پروٹیکشن بل تیار کیا گیا ہے۔اٹارنی جنرل آر وینکٹرامانی نے جسٹس کے ایم جوزف کی صدارت والی آئینی بنچ کو بتایا کہ نیا ڈیٹا پروٹیکشن بل تیار ہے۔ بنچ میں جسٹس اجے رستوگی، جسٹس انیرودھا بوس، جسٹس ہریشی کیش رائے، جسٹس سی ٹی روی کمار بھی شامل ہیں۔آئینی بنچ نے ہدایت دی کہ اس معاملے کو چیف جسٹس آف انڈیا (سی جے آئی) ڈی وائی چندرچوڑ کے سامنے رکھا جائے، تاکہ ایک نیا بنچ تشکیل دیا جا سکے، کیونکہ جسٹس کے ایم جوزف 16 جون کو ریٹائر ہونے والے ہیں۔ اس کے بعد اس معاملے کو اگست 2023 کے پہلے ہفتے میں سماعت کے لیے درج کیا گیا۔