بہادر پورہ فلائی اوور برج کے تعمیراتی کاموں میں تیزی پر زور ، دانا کشور کمشنر بلدیہ کا دورہ پرانا شہر
حیدرآباد۔13جون(سیاست نیوز) تالاب کٹہ نالہ پر موجود تمام قبضہ جات کو فوری برخواست کروایا جائے اور تمام نالوں کی صفائی کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں۔ بہادر پورہ فلائی اوور برج کا موں میں تیزی پیدا کرتے ہوئے انہیں مکمل کرنے کے اقدامات کئے جائیں اور مانسون کے دوران گڑھوں کو کھلا نہ چھوڑا جائے جس سے حادثات کا خدشہ ہو۔ کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر دانا کشور نے آج پرانے شہر کے کئی علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے مانسون سے قبل مکمل کئے جانے کے کاموں کے علاوہ نالوں پر موجود قبضہ جات اور بہادر پورہ فلائی اوور کے تعمیری کاموں کا معائنہ کیا ۔ انہوں نے بہادر پورہ فلائی اوور کے تعمیری کاموں سے پرانے شہر کے دورہ کا آغاز کیا اور بہادر پورہ چوراہے پر عہدیداروں سے تعمیری کاموں کی تفصیلات حاصل کرنے کے بعد انہیں کاموں کو تیز کرنے کی ہدایت دی اور کہاکہ تعمیری کاموں کے دوران کسی بھی طرح کے حادثات سے عوام کو محفوظ رکھنے کیلئے انتظامات کئے جائیں۔ بعد ازاں انہوں نے عیدی بازار‘ تالاب کٹہ اور دیگر علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے نالوں کی صفائی کے عمل کا جائزلیا اور کنٹراکٹرس کو ہدایت دی کہ وہ نالوں کی صفائی کے کاموں کو مکمل کرتے ہوئے کچہرے کی نکاسی کے بعد کچہرا اس مقام سے منتقل کرنے کے اقدامات کریں۔ انہو ںنے تالاب کٹہ عیدی بازار نالہ پر موجود ناجائز قبضہ جات کو برخواست کروانے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہر کے نالوں پر موجود قبضہ جات کو برخواست کروانے کے لئے خصوصی مہم چلائے جانے کے باوجود بھی نالوں پر قبضہ جات کی موجودگی افسوس کی بات ہے۔ مسٹر دانا کشور نے جی ایچ ایم سی عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ فوری ان ناجائز قبضوں کو برخواست کرنے کے اقدامات کریں اور اس نالہ کی صفائی کو یقینی بنایا جائے۔پرانے شہر کے دورہ کے دوران انہوں نے عیدی بازارکمہار واڑی علاقہ میں 2کروڑ کی لاگت سے توسیع شدہ سڑک کی تعمیر کے کاموں کا آغاز کیا ۔کمشنر جی ایچ ایم سی نے اکبر نگر ‘ بھوانی نگر کے علاوہ دیگر علاقوں کے نالوں کی صفائی اور ان کی توسیع کے سلسلہ جاری اقدامات کی تفصیلات حاصل اور عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ فوری ان نالوں کے کاموں کی انجام دہی کیلئے ٹنڈر کی طلبی کا عمل شروع کریں اور کاموں کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے انہیں جلد از جلد مکمل کروانے کیلئے اقدامات کریں تاکہ عوام کو ہونے والی مشکلات کو دور کیا جاسکے۔