مانسون کے اختتامی مرحلہ یوپی پانی پانی

   

لکھنو28ستمبر(سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش میں جدا ہوتے مانسون کا مزاج ریاست کے خاص کر پوروانچل کے باشندوں کو اب تکلیف دینے لگا ہے ۔ گذشتہ تین دنوں سے رک رک کر ہورہی بارش سے دارالحکومت لکھنو کے علاوہ مشرقی اترپردیش کے زیادہ تر اضلاع میں معمولات زندگی پر خاص اثر پڑا ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کے اس سلسلے کے اگلے 24 گھنٹوں تک جاری رہنے کے امکانات ہیں۔اس مدت میں کئی علاقوں میں بھاری بارش کے بھی امکانات ہیں۔موسم کے تلخ تیوروں کے مدنظر لکھنؤ،جونپور اور وارانسی سمیت کچھ اضلاع میں 12 ویں جماعت تک کے اسکولوں میں 27 اور 28 ستمبر کوچھٹی کا اعلان کیا گیا تھا۔ کم روشنی اور بارش کی وجہ سے سڑکوں پر گاڑیاں رینگتی نظر آئیں جبکہ پانی بھرنے کی وجہ سے کئی راہ گیر زخمی بھی ہوئے ۔ بارش کی وجہ سے دیہی علاقوں میں عام طور سے سناٹا چھایا ہوا ہے ۔کیچڑ اور پھسلن بھرے راستوں نے لوگوں کو گھروں میں قید رہنے پرمجبور کردیا ہے ۔ کھیتوں میں پانی بھرنے سے سبزیوں کی فصلوں پر کافی اثر پڑا ہے جس سے شہری علاقوں میں سبزیوں کی کمی کی سے قیمتیں آسمانی کی جانب دیکھ رہی ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں جونپور میں 21.5سینٹی میٹر بارش درج کی گئی ہے جبکہ مرزا پور میں 12.9،رائے بریلی میں 11.7،پریاگ راج میں 11.4، باندہ میں 9.4،جھانسی میں 6.06، سنت کبیر نگر میں 10.2،گورکھپور میں 13.6،دیوریا میں 5.6، لکھنو اور سلطان پور میں 5.4،سیتاپور میں 3.0اور بلیا میں چار سینٹی میٹر بارش درج کی گئی ہے ۔