شہر کے کئی محلوں میں اسٹریٹ لائٹس ناکارہ ، متعلقہ ادارے فوری توجہ دیں
حیدرآباد ۔ 5 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : شہر حیدرآباد میں آئے دن بلا وقفہ برقی کٹوتی کی شکایتیں موصول ہورہی ہیں ۔ جس پر عوام محکمہ برقی پر اپنی ناراضگی کا اظہار کررہے ہیں تاہم شہر کے مصروف ترین علاقے مانصاحب ٹینک میں آج 5 ستمبر بروز جمعرات دن کے 11-15 بجے تک سڑکوں پر اسٹریٹ لائٹ کھلی دیکھی گئی ہیں ۔ جس سے اندازہ ہوتا ہے متعلقہ ادارے یا ڈپارٹمنٹ کتنی غفلت اور لاپرواہی کا مظاہرہ کررہے ہیں ۔ اس صورت حال سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ جہاں روشنیوں کی سب سے زیادہ ضرورت ہے وہاں توجہ نہیں دی جارہی ہے اور دن کے اوقات میں غیر ضروری طور پر اسٹریٹ لائٹس کو کھلا رکھا جارہا ہے جو ناقص کارکردگی کا ثبوت پیش کررہا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ متعلقہ اداروں کو چاہئے کہ وہ برقی کی سربراہی کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ اسٹریٹ لائٹس کے انتظامات کو بھی منظم کریں تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہوسکے ۔ ایک مقامی شہری نے کہا کہ ہمیں دن میں اسٹریٹ لائٹ کی ضرورت نہیں ہے تاہم رات میں اسکی شدت سے ضرورت محسوس ہوتی ہے ۔ جی ایچ ایم سی کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ اسٹریٹ لائٹس کے نظام کو جدید تقاضوں سے لیس کرنے کے اقدامات کریں ۔۔ 2