حیدرآباد ۔8۔نومبر (سیاست نیوز) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کی جانب سے پرانے شہر حیدرآباد میں جلد ہی پی جی کالج کے آغاز کا اعلان کیا گیا ۔ یوم آزاد تقاریب 2024 سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر سید عین الحسن نے کہا کہ پرانے شہر حیدرآباد کا کوئی بھی طالب علم اعلیٰ تعلیم سے محروم نہ رہے۔ اردو یونیورسٹی کی جانب سے جلد مانو ماڈل اسکول میں پوسٹ گریجویشن کے کورسس متعارف کئے جائیں گے ۔ یوم آزاد تقاریب کے تحت اردو یونیورسٹی کی جانب سے تعلیمی، ثقافتی اور ادبی پروگراموں کا انعقاد عمل میں آرہا ہے ۔ 11 نومبر کو پدم شری پروفیسر کرشنا کمار مولانا آزاد یادگاری لکچر دیں گے۔ یہ پروگرام یونیورسٹی کے آغا حشر کاشمیری آڈیٹوریم میں صبح 10 بجے منعقد ہوگا۔ وائس چانسلر کے مطابق مانو ماڈل اسکول فلک نما میں جاریہ تعلیمی سال سے ایوننگ کورسس کے تحت بی اے کا آغاز ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مانو ماڈل اسکول کے طلبہ کو ڈگری کے بعد پوسٹ گریجویشن کے لئے کہیں اور جانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ یونیورسٹی انڈر گریجویٹ بی اے کورس کے بعد ایم اے کورسس کا آغاز کرے گی۔ اردو میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے باوجود یونیورسٹی کے طلبہ زندگی کے مختلف شعبہ جات میں ترقی کی منزلیں طئے کر رہے ہیں ۔ 1