مانی کی موجودگی میں ہند۔پاک باہمی سیریز کا امکان:شہریار

   

لاہور ۔31 ڈسبمر (سیاست ڈاٹ کام ) پی سی بی کے چیئرمین احسان مانی کی موجودگی میں شہریار خان کو ہندوستان کے ساتھ پاکستانی سیریز کی امید نظر آنے لگی ہے ۔ سابق چیئرمین پی سی بی شہریار نے کہا ہے کہ آئی سی سی کے سابق صدر بورڈ کی کمان سنبھالنے کیلئے بہترین انتخاب ہیں، ایم ڈی وسیم خان کیلئے سب سے بڑا چیلنج پرانے چہروں کو تبدیلی کیلئے آمادہ کرنا ہوگا۔ بورڈ آف گورنرزکو قانونی چارہ جوئی کی جانب نجم سیٹھی نے دھکیلا۔ ایک انٹرویو میں شہریار خان نے کہا کہ احسان مانی کے چیئرمین پی سی بی بننے سے پاک ۔ ہند سیریز کے امکانات میں اضافہ ہوگیا، امید ہے کہ معاملات میں بہتری آئے گی۔ آئی سی سی کے سابق صدر احسان مانی پاکستان کرکٹ بورڈ کی کمان سنبھالنے کیلئے بہترین انتخاب ہیں،وہ اپنے تجربے اور دیانتداری کے ساتھ پاکستان کرکٹ کو پیشہ ورانہ انداز میں بلندیوں کی جانب لے جا سکتے ہیں۔ شہریار خان نے کہا کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کیلئے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کو بلانے کے بجائے چھوٹے چھوٹے قدم اٹھانا زیادہ بہتر ہوگا۔ ہندوستان سے ہرجانہ وصولی مقدمہ میں ناکامی اور بعد ازاں اخراجات کی ادائیگی کے معاملے میں شہریار خان نے اپنے موقف کو دہراتے ہوئے نجم سیٹھی کو قصوروار ٹھہرایا۔ انھوں نے کہا کہ میں باہمی سیریز کا معاملہ بات چیت کے ذریعے حل کرنے کے حق میں تھا، نجم سیٹھی نے گورننگ بورڈ کے ارکان کو مقدمہ دائر کرنے کے فیصلے کی حمایت پر مجبور کردیا، مجھے بھی یہ بات تسلیم کرنا پڑی۔ بی سی سی آئی کیخلاف مقدمہ کی بنیاد موجود تھی لیکن موقف مضبوط نہیں تھا بہرحال افسوس کی بات ہے کہ اس فیصلے کی پی سی بی کو بھاری قیمت ادا کرنا پڑی۔