حیدرآباد، 4ستمبر (یواین آئی) تلنگانہ کے متحدہ عادل آباد ضلع کے جنگلاتی علاقوں میں وسیع پیمانے پر پولیس کی تلاشی مہم جاری ہے ۔ پڑوسی ریاست مہاراشٹر کی سرحد سے ملحقہ پرانہیتا اور پین گنگا ندی کے طاس کے علاقوں سے متصل اضلاع نرمل، کومرم بھیم آصف آباد اور عادل آباد اضلاع کے جنگلاتی علاقوں میں بڑے پیمانے پر تلاشی کی جا رہی ہے ۔ انٹلی جنس ایجنسیوں کی معلومات کے مطابق چھتیس گڑھ سے ماونوازوں کے داخل ہونے کے بعد پولیس فورس نے پوزیشن سنبھال لی ہے ۔ اسپیشل فورسس کی جانب سے مشتبہ علاقوں میں تلاشی مہم میں شدت پید اکردی گئی ہے ۔ ایک ہفتہ قبل، بم کو ناکارہ بنانے والے اسکواڈ نے تلنگانہ-مہاراشٹرا سرحد پر کیلاش ٹیکری کے قریب ایک گرینائیڈکا پتہ لگایا تھا جس کے بعد سے چوکسی اختیار کی جارہی ہے اور ضلع کے جنگلاتی علاقہ کی تلاش کی جارہی ہے ۔اس کے لئے مزید فورسس کو طلب کیاگیا ہے ۔تقریبا دو سال بعد ماؤنواز متحدہ ضلع میں داخل ہوئے ہیں۔ ستمبر 2020 میں، کدمبا کے جنگلات میں ایک انکاؤنٹر میں دو ماؤ نواز مارے گئے ۔ اس وقت پولیس نے بتایا کہ فورس کے دیگر ارکان فرار ہو کر چھتیس گڑھ کی طرف چلے گئے ۔ عادل آباد، کومرم بھیم آصف آباد اور نرمل اضلاع کے پولیس کے اعلی عہدیدار اس سلسلہ میں سرگرم ہوگئے ہیں۔پولیس نے ضلع کے دور دراز ایجنسی علاقوں کے عوام کو چوکنا کردیا ہے اور ماؤنوازوں کے ساتھ تعاون نہ کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی سرگرمیوں کی پولیس کو اطلاع دینے کا مشورہ دیا گیا ہے ۔