ماں نے شیرخوار بچی کا گلا کاٹ دیا

   

حیدرآباد 23 اپریل (سیاست نیوز) بیوی کے کردار پر شبہ ایک شخص کی شیرخوار بچی کی ہلاکت کا سبب بن گیا۔ جیڈی میٹلہ پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا جہاں شوہر کے رویہ پر برہم خاتون نے بچی کا گلا کاٹ دیا اور خودکشی کا اقدام کرلیا۔ شدید زخمی حالت میں خاتون اور اس کی شیرخوار بچی کو ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں علاج کے دوران بچی فوت ہوگئی اور خاتون زیرعلاج بتائی گئی ہے۔ جیڈی میٹلہ پولیس کے مطابق 24 سالہ خاتون شیلا جو شاہ پور نگر علاقہ کے ساکن نارائن ریڈی کی بیوی بتائی گئی ہے، اس خاتون نے اپنی 13 ماہ کی لڑکی دیکشنا کا چاقو سے گلا کاٹ دیا اور اپنے آپ کو ہلاک کرنے کی کوشش کی جو دواخانے میں زیرعلاج ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ نارائن ریڈی اور شیلا کی شادی 2 سال قبل ہوئی تھی۔ نارائن ریڈی بیوی کے کردار پر مسلسل شک کرتا تھااس بات سے خاتون تنگ آچکی تھی جس کے نتیجہ میں اُس نے انتہائی اقدام کیا۔