ماں کا بیٹے کیلئے اسکوٹی پر بودھن سے رحمت آبا دکا سفر

   

اے سی پی بودھن سے اجازت نامہ حاصل کرکے رضیہ بیگم نے فرزند کو واپس لایا

کاماریڈی :8؍ اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)لاک ڈائون کی وجہ سے آندھرا پردیش کے نیلور ڈسٹرکٹ کے رحمت آباد درگاہ میں پھنسے ہوئے اپنے فرزند کی محبت کو تاب نہ لاتے ہوئے ایک خاتون ٹیچر نے ضلع نظام آباد کے بودھن سے نیلور تک اسکوٹی پر تنہا سفر کرتے ہوئے ایک دن اور ایک رات میں 700 کلو میٹر کا فاصلہ طئے کرتے ہوئے اپنے فرزند کو لیکر بودھن کیلئے روانہ ہونے والی گورنمنٹ ٹیچر رضیہ بیگم نے کاماریڈی میں نمائندہ سیاست سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے فرزندمحمد نظام الدین حیدرآباد نارائنا کالج میں انٹرمیڈیٹ بی پی سی کی تعلیم حاصل کررہے ہیں اور یہ امتحانات کے بعد بودھن سے تعلق رکھنے والے اپنے ایک ساتھی کے والدین رحمت آباد کی درگاہ میں گذشتہ چند دنوں سے رہ رہے ہیں ۔ انہیں چھوڑنے کیلئے نظام الدین نے ایک ماہ قبل گئے ہوئے تھے ۔ اچانک لاک ڈائون ہونے کے بعد رضیہ بیگم فکر مند ہوگئی اور ہر روز اپنے فرزند سے بات چیت کررہی تھی لیکن حالات کو کشیدہ ہوئے دیکھ کر بے چین ماں نے اپنے فرزند کو واپس لانے کا عزم کرلیا ۔ اور اے سی پی بودھن جئے پال ریڈی سے رجوع ہوتے ہوئے اجازت نامہ حاصل کیا اور گوگل میاپ کی مدد سے 6؍ اپریل کے روز صبح 5 بجے بودھن سے اپنی اسکوٹی پر روانہ ہوگئی اور درمیان میں پولیس کے چیک پوسٹوں کو پار کرتے ہوئے رات کی تاریکی کی پرواہ کئے بغیر ہی سفر کو جاری رکھا ۔ کچھ دیر کیلئے تھک جاتی تو اپنے پولیس چیک پوسٹ پہنچ کر اپنی داستاں سناتے ہوئے ان کے ساتھ کچھ دیر بیٹھ جاتی اور اپنی تھکاوٹ دور ہونے کے بعد واپس سفر کیلئے روانہ ہوتی اس طرح 24 گھنٹے میں سفر کو طئے کرتے ہوئے نیلور کے رحمت آباد پہنچ کر فرزند کو حاصل کرلیا اور کچھ دیر آرام کرنے کے بعد دوبارہ نیلور سے بودھن کیلئے روانہ ہوئی ۔7؍ اپریل کے روز نیلور رحمت آباد پہنچ کر اپنے فرزند سے ملاقات کی اور 7؍ اپریل کے روز شام میں یہاں سے بودھن کیلئے روانہ ہوئی اور کاماریڈی بس اسٹانڈ کے علاقہ میں رضیہ بیگم کی ملاقات آج جمعیت العلماء کے مقصو د ایڈوکیٹ اور جنرل سکریٹری سید عظمت علی سے ہونے پر انہوں نے صحافیوں کو اطلاع دینے پر صحافی یہاں پہنچ کر ان سے ملاقات کی اور تفصیلات حاصل کیا ۔ رضیہ بیگم نے بتایا کہ راستہ میں پولیس کا انہیں بے حد تعاون حاصل رہا اور انہوں نے رہنمائی بھی کی ۔ انہوں نے اپنے فرزند کو حاصل کرنے اور بیٹے کی محبت میں تمام پریشانیوں کو دور کرتے ہوئے اپنے مقصد میں کا میابی حاصل کی ۔