ماں کی سالگرہ، باپ کی درندگی، معصوم کا قتل

   

معین آباد میں سنگین اور دل دہلا دینے والی واردات، خاتون زخمی، پولیس مصروف تحقیقات
حیدرآباد ۔ 13 جولائی (سیاست نیوز) بیوی کی سالگرہ تقریب میں بیٹے کے قتل کی سنگین و دل دہلادینے والی واردات پیش آئی۔ یہ سنسنی خیز واقعہ معین آباد پولیس اسٹیشن حدود میں پیش آیا۔ جہاں 28 سالہ دیو رمیش نامی شخص نے اپنے دو سالہ بچے کا گلا کاٹ دیا۔ بیوی کو زخمی کردیا۔ بتایا جاتا ہے کہ دیو رمیش اور شوبھا نے 4 سال قبل لو میاریج کیا تھا۔ انسپکٹر پولیس معین آباد مسٹر راجو کے مطابق دونوں نے اپنی پہلی شادی ٹوٹنے کے بعد پسند سے شادی کرلی تھی اور ان کا 2 سالہ لڑکا مقتول دنیش تھا جس کو شراب کے نشہ میں دھت رمیش نے گلا کاٹ کر قتل کردیا۔ رمیش پیشہ سے چوکیدار ہے یہ خاندان کینی ریڈیلی میں رہتا ہے۔ گزشتہ روز شوبھا کی سالگرہ تھی اور اس موقع پر رمیش نے سالگرہ کی تقریب کی شکل دینے کا فیصلہ کیا اور اس تقریب میں شوبھا کی والدہ کو طلب کیا گیا تھا۔ تینوں پارٹی میں مگن تھے اور جم کر مئے نوشی جاری تھی۔ رمیش ساس اور بیوی کے ساتھ شراب نوشی کررہا تھا اس کا کمسن 2 سالہ بچہ کھیل میں مصروف تھا۔ شراب کا نشہ سر چڑھ گیا اور باتوں باتوں میں بحث و تکرار نے جھگڑے کا رخ اختیار کرلیا۔ اس دوران دیو رمیش نے چاقو سے بیوی شوبھا پر حملہ کردیا اور بچے کا گلا کاٹ دیا۔ بچہ برسر موقع ہلاک ہوگیا جبکہ شوبھا کو پرگی کے دواخانہ منتقل کیا گیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔ اس حملہ کو دیکھتے ہوئے رمیش کی ساس غائب ہوگئی معین آباد پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ۔