مایوس مت ہوں ٹریننگ پر توجہ دیں : رجیجو

   

نئی دہلی ۔ 16 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کورونا وائرس کی وجہ سے اسپورٹس کی تمام سرگرمیاں معطل ہوگئی ہیں لیکن ہندوستان کے وزیرکھیل کرن رجیجو نے ہندوستان کے کھلاڑیوں کو مشورہ دیا ہیکہ وہ مایوس نہ ہوں بلکہ ٹریننگ پر اپنی توجہ مرکوز کریں۔ کوروناوائرس جس نے دنیا بھر میں تقریباً 6000 جانیں لی ہیں اور اس کی وجہ سے ساری دنیا میں دیڑھ لاکھ سے زائد افراد متاثر ہیں، وبائی مرض کے کئی ممالک میں پھیل جانے کی وجہ سے عالمی سطح پر اسپورٹس کے کئی ایونٹس منسوخ اور کئی ٹورنمنٹس ملتوی ہوچکے ہیں۔ وزیرکھیل رجیجو نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے اسپورٹس ایونٹ اور مقابلے ملتوی ہورہے ہیں اور میں تمام ایتھلیٹس سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ مایوس نہ ہوں بلکہ اسپورٹس اسپرٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹریننگ پر توجہ مرکوز رکھیں۔ حکومت نے گذشتہ ہفتے سفری پابندیاں کردی ہیں تاکہ اس وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جاسکے۔ علاوہ ازیں وزارت اسپورٹس نے بھی ہندوستان کی تمام قومی فیڈریشن سے اور وزارت صحت سے تبادلہ خیال کرنے کے بعد اسپورٹس کے ایونٹس کو ملتوی کردیا ہے۔ وزارت اور اعلیٰ حکام کے ساتھ مختلف اسپورٹس فیڈریشن کے تبادلہ خیال اور اجلاس کے بعد ہندوستان میں بین الاقوامی اور گھریلو کھیلوں پر پابندی عائد کردی گئی ہے جس میں خاص کر کہ آئی پی ایل کے تیرہویں ایڈیشن کو 15 اپریل تک ملتوی کردیا گیا ہے حالانکہ یہاں 29 مارچ کو شروع ہونا تھا اس کے علاوہ ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان منعقد شدنی تین مقابلوں کی ونڈے سیریز کو بھی ملتوی کردیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں انڈین اوپن گلف کے علاوہ انڈیا اوپن کو بھی ملتوی کردیا گیا ہے جبکہ یہ ٹورنمنٹ ٹوکیو اولمپک میں رسائی کیلئے کھیلا جانے والا ایونٹ تھا جسے بھی بیڈمنٹن ورلڈ فیڈریشن سے مشاورت کے بعد ملتوی کردیا گیا ہے۔