متاثرہ خاندانوں کا ایئر انڈیا پر دباؤ ڈالنے کا الزام

   

نئی دہلی : 4 جولائی (یو این آئی) احمد آباد طیارہ حادثے کے بعد متاثرہ مسافروں کے خاندانوں کی جانب سے ایئر انڈیا پر معاوضے کے عمل کے دوران غیر ضروری سوالنامے اور قانونی دباؤ ڈالنے کے الزامات سامنے آئے ہیں۔ تاہم، ایئر انڈیا نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے وضاحت پیش کی ہے کہ دیے گئے سوالنامے کا مقصد صرف یہ تھا کہ عبوری مالی مدد درست اور مستحق افراد تک پہنچے۔برطانیہ کی ایک قانونی فرم ’سٹیورٹس‘، جو اس وقت 40 سے زائد متاثرہ خاندانوں کی نمائندگی کر رہی ہے، نے الزام عائد کیا ہے کہ ایئر انڈیا نے ایسے سوالنامے بھیجے ہیں جن میں قانونی اصطلاحات اور پیچیدہ شرائط شامل ہیں، جیسے ’مالی انحصار‘ اور ’قانونی فائدہ اٹھانے والے افراد‘۔ ان کا کہنا ہے کہ بغیر کسی وضاحت کے اس نوعیت کی معلومات مانگنا نہ صرف غیر حساس رویہ ہے بلکہ خاندانوں پر غیر ضروری دباؤ بھی ہے۔ فرم کے پارٹنر پیٹر نینن نے بیان دیا کہ ایسی معلومات بعد میں ان کے مؤکلوں کے خلاف استعمال کی جا سکتی ہیں، جو باعث تشویش ہے۔
اس پر ردعمل دیتے ہوئے ایئر انڈیا نے ایک بیان میں کہا کہ مذکورہ سوالنامہ صرف اور صرف رشتہ داری کی تصدیق اور ادائیگی کی درستگی کے لیے ترتیب دیا گیا تھا۔ ایئرلائن نے کہا کہ یہ عمل عبوری معاوضے کی بروقت اور شفاف تقسیم کے لیے ضروری ہے، تاکہ کسی قسم کی دھوکہ دہی یا غلط ادائیگی نہ ہو۔ث